قمبرشہداد کوٹ (ویب ڈیسک) جیئے سندھ قومی موومنٹ (جسقم )نے سندھ میں متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر کے گھیراﺅ کا اعلان کردیا ہے۔ جسقم کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عبداللہ سومرو نے پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا کہ ہماری محبتوں و نفرتوں اور دوستی و دشمنی کا محور صوبہ سندھ ہے، جو شخص سندھ کا دشمن ہے وہ ہمارا دوست ہرگز نہیں ہوسکتا۔ عبداللہ سومرو نے کہاکہ 27 اکتوبر سے سندھ کی وحدت کے خلاف ہماری باقاعدہ احتجاجی تحریک کی شروعات ہے جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر کا پورے سندھ میںگھیراﺅ کیا جائے گا جس کی پہلے مرحلے میں ضلع گھوٹکی، کشمور ، رائٹ کندھ کوٹ، شکارپور اور لاڑکانہ اضلاع میں ایم کیو ایم کے دفاتر کا گھیراﺅ اور تالہ بندی کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 14 محرم کے بعد مرحلے وار سکھر سمیت دیگرضلاع جب کہ آخرمیں نائن زیرو کا گھیراﺅ کیا جائے گا۔