یونائیٹڈ بزنس گروپ منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے،مرزا عبدالرحمن‘عبدالوحیدشاہ

یونائیٹڈ بزنس گروپ منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے،مرزا ...

کراچی(این این آئی)بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ الائنس کے الیکشن سیل کے کنوینر سید عبدالوحید شاہ ، کیپٹل ریجن کے چیئرمین اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی مرزاعبدالرحمن نے یقین دلایا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات میں مشترکہ امید وار عبدالرحیم جانو بھاری اکژیت سے ووٹ لے کر کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اپنے سرپرستوں کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کے باعث یونائیٹڈ بزنس گروپ تیزی کے ساتھ اپنی منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے ۔گروپ کے کئی اہم رہنما پہلے ہی اس کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور مزید کئی رہنماؤں نے یوبی جی میں فرد واحد کی آمریت کے سبب گروپ چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے ۔ایف پی سی سی آئی کے انتخابات تک یوبی جی کا شیرازہ بکھر جائے گا ۔ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ باڈی کو عضو معطل بنائے رکھنے کی وجہ سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور ملکی برآمدات میں ریکارڈ کمی کے باوجود ٹی ڈیپ کے ناخدا بزنس کمیونٹی کی سیاست میں مصروف ہیں ۔ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اپنے حقوق کا سودا کرنے والوں کو بدترین شکست سے دوچار کرے گی اور تاجروں کے کاندھے استعمال کرکے حکومتی عہدے سے لطف اندوز ہونے والے خود کو احتساب کے لیے تیار رکھیں ۔

گزشتہ روز جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے اتحاد نے ’’بزنس کش‘‘ رہنماؤں کی نیندیں اڑا دی ہیں اور وہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں اپنی شکست سامنے دیکھ کر بے بنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں ۔یونائیٹڈ بزنس گروپ اپنے سرپرستوں کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کے باعث تیزی کے ساتھ اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے ۔گروپ کے کئی اہم رہنما اس کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور متعدد رہنماؤں نے فرد واحد کی آمریت کے سبب گروپ چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈیپ کے سی ای او کی بزنس کمیونٹی کی سیاست میں بے جا مداخلت اور ٹی ڈیپ کو پسند اور ناپسند کی بھینٹ چڑھانے کے باعث ملکی برآمدات میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے اور نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ ٹی ڈیپ سفید ہاتھ بن چکا ہے ۔بہتر یہ ہے کہ اس ادارے کو بند کردیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈیپ کا جنازہ نکالنے کے بعد بزنس کمیونٹی کے نام نہاد رہنما نے ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ باڈی ایف پی سی سی آئی کو بھی عضو معطل بنا کر رکھ دیا ہے اور وہ باڈی جو ملک کی بزنس کمیونٹی کی سب سے توانا آواز سمجھی جاتی تھی اب اس کی بجٹ تجاویز کو بھی حکومت وقت اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں ہوتی ہے ۔کوئی واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور وہ سرمایہ کاری سے اجتناب کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کا اتحاد ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کے حقوق اور ایف پی سی سی آئی کو اس کا ماضی روشن مقام واپس دلانے کے لیئے عمل میں آیا ہے ۔بزنس کمیونٹی کے لیے ہماری خدمات سے ہر کوئی واقف ہے ۔ہم نے ذاتی مفاد کے لیے کبھی تاجروں کا کندھا استعمال نہیں کیا بلکہ بغیر کسی عہدے کے بھی ہمیشہ ان کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی انتخابات کے لیئے صاف ستھری قیادت متعارف کرائی ہے جو مفاد پرستوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرے گی ۔مخالفین اپنے انجام سے باخبر ہیں اور راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اپنے حقوق کا سودا کرنے والوں کو بدترین شکست سے دوچار کرے گی اور تاجروں کے کاندھے استعمال کرکے حکومتی عہدے سے لطف اندوز ہونے والے خود کو احتساب کے لیے تیار رکھیں ۔

مزید : کامرس