سی پی ایس پی کا50واں کانووکیشن 4نومبر کو ہو گا،خالد مسعود گوندل

سی پی ایس پی کا50واں کانووکیشن 4نومبر کو ہو گا،خالد مسعود گوندل

لاہور(جنرل رپورٹر)ََََََِِِکالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان ریجنل سینٹر لاہور کے پچاسویں کانووکیشن اور یومِ تاسیس کے موقع پر سی پی ایس پی کی سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالنے کیلئے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے کونسل ممبران کے ہمراہ شرکت کی۔سینئر نائب صدر سی پی ایس پی پروفیسر خالدمسعود گوندل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا پچاسواں کانوکیشن 4نومبر بروز جمعہ اور یومِ تاسیس 5نومبر بروز ہفتہ سی پی ایس پی ریجنل سینٹر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔سی پی ایس پی کے سال 2016کے کانووکیشن میں 711ڈاکٹرز میں فیلو شپ)ٖFCPS) اور ممبر شپ(MCPS) کی ڈگریاں تقسیم کی جائیں گی ۔

جن میں 608ڈاکٹرز کو فیلو شپ(FCPS) اور92ڈاکٹرز کو ممبرشپ (MCPS)کی ڈگریاں دی جا ئیں گی۔کانووکیشن کے موقع پر 6ڈاکٹرزکو بہترین تعلیمی نتائج پر گولڈ میڈلزسے بھی نوازا جائے گا ۔گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے طلبہ ڈاکٹرز میں ڈاکٹر مائرہ خان، ڈاکٹر محمد صدیق ذیشان،ڈاکٹر حافظ محمد فرہان علی ،ڈاکٹر عائشہ سعید،ڈاکٹر ماہین انوراور ڈاکٹر محمد منیب شامل ہیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ شرکت کریں گے ۔جبکہ صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری،مہمانِ خصوصی اور کونسل ممبران کے ہمراہ کامیاب ڈاکٹرز میں ڈگریاں تقسیم کریں گے۔یاد رہے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اب تک74اسپشلٹیز میں 25000سے زائد فیلوز اور20اسپشلیٹیز میں10000سے زائد ممبرز بنا چکا ہے۔سی پی ایس پی کا یومِ تاسیس کے موقع پرانٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں انگلینڈ،سری لنکا ،ملائیشیا اور دیگر ممالک کے طبی ماہرین شرکاء سے بین الاقوامی طبی طرزتربیت پر شرکاء کو آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ سی پی ایس پی میں پری-کانفرنس ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ساتھ ریجنل سینٹر میں بیک وقت 4بین الاقوامی ورکشاپس منعقد کی جارہی ہیں۔یومِ تاسیس کے موقع پر آکیڈمی آف فیملی فزیشنز کیلئے ایک سیمنار کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس کے موقع پر ڈائریکٹر نیشنل ریذیڈنسی پروگرام پروفیسر محمود ایاز،پروفیسر عامر زمان خان،پروفیسر ابرار اشرف علی سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4