افراط زر کی شرح بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا،کامرا ن سیف
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ق کے راہنما میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ افراط زرکی شرح میں اضافہ سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے انہوں نے اسٹیٹ بنک کی جانب سے 10روپے کا سکہ جاری کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ افراط زر کی وجہ سے حکومت اب 10ہزار کا نوٹ بھی جلد جاری کرے گی کیونکہ دیگر کرنسیوں کے مقابلہ میں روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دال چنا کی قیمتوں میں اضافہ سے بعض شہروں میں اس کی قیمت180روپے تک پہنچ چکی ہے اور کچھ میں185روپے تک رہی دال چنا کی قیمت پچھلے سال کی اسی مد ت سے33.02فیصد زیادہ ہے ۔اسی طرح دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہے جن میں گھریلو گیس سلنڈر، گندم ،گوشت ،مرچ ،گھی چاول وغیرہ شامل ہیں۔میاں کامران سیف نے کہا کہ حکومت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے میں ناکام رہی اور منافع خور اور ذخیرہ اندوز عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ دعوے کیے لیکن تاحال عوام کسی بڑے ریلیف سے محرم اور مہنگائی کے بے رحم ہاتھوں کے نرغے میں ہے اور حکومت سب اچھا کی رپورٹ کر رہی ہے حکومتی اقدامات سے غریب اور سفید پوش عوام کا جینا دو بھر ہوگیا ہے حکومتی پرائس کمیٹیاں مہنگائی روکنے میں ناکام ثابت ہوئیں یہی وجہ ہے کہ عوام اپوزیشن کے ساتھ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔