صوبائی حکومتیں رابطے میں ہیں دہشتگردی کے سدباب کیلئے مل کر کام کریں گے :وزرائے اعلیٰ سندھ بلوچستان

صوبائی حکومتیں رابطے میں ہیں دہشتگردی کے سدباب کیلئے مل کر کام کریں گے ...

 کوئٹہ(اے این این) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف تمام صوبے ایک پیج پر ہے سندھ اور بلوچستان الگ نہیں ہے زخمی میرے اپنے ہیں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کوئی چیز آڑے نہیں آئے گی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں گے ۔سندھ بلوچستان کی سرحد بہت لمبی ہے ملکراس کی حفاظت کرینگے دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں جلد کامیابی حاصل کرینگے، ریکروٹس کو واپس بلانے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں آخری دہشتگرد کے خاتمے کیلئے جنگ جاری رہے گا ،پولیس ٹریننگ سینٹر حملے کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی سی پر حملے میں زخمی ہونیوالے اہلکار وں کی سول ہسپتال میں عیادت کے موقع پر میڈیا سے باچیت کرتے ہوئے کیا‘اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری‘صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ‘صوبائی وزیر سندھ نثار کھوڑو‘پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک اور دیگر بھی موجود تھے‘ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ بلوچستان کے ساتھ سندھ میں بھی دہشتگردوں نے ڈیرے ڈال دئیے اور خانپور میں جو دہشتگردی کی منصوبہ بندی بنائی گئی تھی اسے ناکام بنا کر دہشتگرد کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں رابطے میں ہیں اور ہم سرحدوں پر ملکر کام کرینگے تاکہ دہشتگردوں کا بھرپور قوت کے ساتھ مقابلہ کریں گے ، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ایک دہشتگردبھی زندہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں دونوں صوبوں کی پولیس اور سیکورٹی ادارے دہشتگردوں کیخلاف کام کررہے ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف تمام صوبے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے میں زخمی اہلکار میرے اپنے ہیں اس سلسلے میں جب واقعہ ہوا تو میں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو فون کرکے واقعہ کی مذمت اور ہر قسم کی تعاون کی یقین دہانی کرائی اس سے قبل جب 8اگست کو سانحہ ہوا تب بھی ہم نے وکلاء کو سندھ میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی اور آج بھی تیار ہے جو بھی زخمی کراچی منتقل کرنا چاہتے ہیں ہم اس کاعلاج کرینگے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ریکروٹس کو واپس بلانے سے متعلق خبریں پروپیگنڈا ہے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گا اس طرح کی خبروں کا جواب مناسب وقت پر دینگے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ یہاں آکر ہمارے غم میں برابر کے شریک ہوئے ،انہوں نے مزیدکہاپورا پاکستان دہشتگردوں کیخلاف ایک ہے ۔

مزید : علاقائی