دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرعمل پیراہیں،خلیل سندھو

دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرعمل پیراہیں،خلیل سندھو

لاہور( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔معاشرے سے بیمار ذہنیت اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے جامعہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔حکومت پنجاب صوبائی سطح پر نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل کر رہی ہے۔ پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لئے ثقافت اور تجارت کو فروغ دینا ہو گا۔کوئٹہ میں شہید ہونیوالے نوجوان قوم کا فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے گزشتہ روز ناروے کے سفیر ٹورے نیڈبروسے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ دوستانہ تعلقات ہیں۔پنجاب میں ناروے کے تعاون سے ثقافت اور آرکیالوجی کے مختلف شعبوں میں کام کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب میں مقیم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی سطح پر ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

مزید : علاقائی