ریلوے ملازمین کے شناختی کارڈ نادرا سے شیئرنگ فارمولے کے تحت بنوانے کیلئے اجلاس

ریلوے ملازمین کے شناختی کارڈ نادرا سے شیئرنگ فارمولے کے تحت بنوانے کیلئے ...

لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان ریلویز کے سسٹم پر تعینات افسران،حاضر سروس عملہ و ریٹائرڈ ایمپلائز اوراُن کے فیملی کارڈ زنادرا سے ڈیٹا بیس کے ذریعے شیئرنگ فارمولے کے تحت بنوانے کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد جاوید انور کی سربراہی میں ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اجلاس ہواجس میں نادراکے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل تیموراور ڈائریکٹر قیصر اقبال نے ریلوے حکام کوبریفنگ دیتے ہوئے تین قسم کے ایمپلائز کارڈ متعارف کروائے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اُن کا یہ پروگرام ایئر فورس سمیت مختلف اِداروں میں بھی عمل میں لایا جا چکاہے جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد جاوید انور نے پاکستان ریلویزکی جانب سے ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اور چیف پرسانل آفیسر پر مشتمل تین رُکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو نادرا کی جانب سے پیش کیے جانے والے پراجیکٹ کا مکمل جائزہ لے کررپورٹ پیش کرے گی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور کے ہمراہ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی، چیف کمرشل منیجر پسنجر خالد خورشید کنور، چیف مکینکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع ، چیف پرسانل آفیسر شعیب عادل، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز دستگیر بلوچ سمیت ریلوے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1