اورنج ٹرین منصوبے کی سیکیورٹی ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے، خواجہ احمد حسان

اورنج ٹرین منصوبے کی سیکیورٹی ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے، خواجہ احمد حسان

لاہور (اپنے خبر نگار سے ) سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن منصوبے کی سکیورٹی ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے ‘کنٹریکٹرز ‘مزدوروں اور دیگر کارکنوں کے کوائف کی مکمل چھان بین کے بعد انہیں ملازمت پر رکھیں اور سائٹ آفس ‘ کاسٹنگ یارڈز اور منصوبے سے متعلقہ دیگر مقامات پر آنے جانے والوں کی مکمل چیکنگ کی جائے ۔ پاک فوج اور سکیو رٹی اداروں کے افسر اور جوان دہشت گردی سے نجات کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ‘سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی وہ گزشتہ روز منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس کے دوران سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عمل در آمد کے دوران شہریوں کی سہولت کو ہر چیز پر فوقیت دی جائے ۔ جان لیوا حادثات سے بچنے کے لئے واسا ‘ پی ٹی سی ایل اور دیگر محکمے اپنے اپنے مین ہولز کی نگرانی کریں اور ان پر کورز کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔گورنمنٹ ہائی سکول چھپر سٹاپ ملتان روڈ کے زیر تعمیر بلاک کا تعمیراتی کام تیز کیا جائے‘منصوبے کے لئے پر ی کاسٹ کئے جانے والے ٹرانزم اوریو ٹب گرڈرز ایک سے دوسری جگہ لے جانے کے لئے ٹریفک پولیس سے مکمل کوآرڈی نیشن رکھی جائے ۔ پیکج ون کے 11ایلی ویٹڈ سٹیشنوں کا تعمیراتی کام دسمبر تک مکمل کرنے کے لئے تمام ممکن وسائل بروئے کا ر لائے جائیں۔جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ نے اجلاس کو بتایاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کا 53فیصدتعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا64فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا44فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 50فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 49فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘ سوئی گیس ‘ ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1