تجاوزات، جابجا گندگی اور ٹریفک جام معمول، نولکھا بازار کے تاجر مشکلات سے دو چار

تجاوزات، جابجا گندگی اور ٹریفک جام معمول، نولکھا بازار کے تاجر مشکلات سے دو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جاوید اقبال،بلال چودھری)ٹوٹی سڑکیں ،صفائی کے عملہ کی نا اہلی اور تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کے قدیم ترین بازاروں میں سے ایک نولکھا بازار کے تاجروں کا جینا محال ہو گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار نولکھا بازار کے تاجروں نے "پاکستان"سروے میں شکایات سناتے ہوئے کیا ۔تاجر بشیر خان نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن کے مین روڈ پر گدھا گاڑیوں کے چلنے کی وجہ سے ان کا فضلہ سڑک پر گرتا رہتا ہے جو کہ خشک ہو کر بازار کی آب و ہوا میں مل جاتا ہے۔تاجر اور گاہک اس کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔حکومت گدھا گاڑیوں کو بند کروائے یا کم از کم ان پر فضلے کے لئے تھیلے لگانے کی پابندی کروائے۔تاجر محمد ارشاد نے بتایا کہ نولکھا بازار میں تجاوزات کئی دہائیوں سے قائم ہیں۔تجاوزات سیاسی سرپرستی اور کارپوریشن انتظامیہ کی ملی بھگت کی وجہ سے ختم نہیں ہو سکتیں ان تجاوزات کی وجہ سے بازار میں سے گزرنے کا راستہ محدود ہو کر رہ گیا ہے۔تاجر محمد ندیم نے بتایا کہ کارپوریشن نے پورے بازار کے شیڈ اتروا دیئے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ہرروز دھوپ دکانوں کے اندر تک آ جاتی ہے بلکہ بارشوں میں بارش کا پانی بھی دکانوں میں داخل ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ بازار میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی وارڈن نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول کی بات ہے۔تاجر نعمان بٹ نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے بازار میں کوئی سکیورٹی اہلکار تعینات نہیں کیا گیا ہے۔چوریاں یہاں معمول کی بات بن چکی ہیں،پورے بازار میں کہیں بھی بیت الخلاء کی سہولت موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پینے کے پانی کے لئے بھی صرف تین نل پورے بازار میں موجود ہیں۔تاجر محمد عدیل نے بتایا کہ بازار کی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے بازار میں گردوغبار کا طوفان برپا رہتا ہے۔