بھارت کی ورکنگ باؤنڈری پر پھر بلا اشتعال فائرنگ ،دوروز میں 7پاکستانی شہید،5بھارتی فوجی ہلاک

بھارت کی ورکنگ باؤنڈری پر پھر بلا اشتعال فائرنگ ،دوروز میں 7پاکستانی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سیالکوٹ/راولپنڈی/جموں،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے این این) بھارت نے ایک بار پھر سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 5شہری زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے جس کے بعد توپیں خاموش ہو گئی ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ بانڈری پر ہرپال اور چپراڑ سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے جس میں اب تک 5 پاکستانی شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیا گیاہے۔ جس بعد دشمن کی صفوں میں سکوت چھا گیا اور گنیں خاموش ہو گئیں۔ نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بھمبر ورکنگ باونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تاہم پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا جس دوران پانچ بھارتی فوجی جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ پاک فوج نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی چار چوکیاں بھی تباہ کر دیں ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ21 اکتوبر سے جاری بھارتی شر انگیزی میں اب تک 4 پاکستانی شہید اور 21 زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ پاکستان نے کی ہے ۔بھارت کی سرحدی فورس(بی ایس ایف ) کے ترجمان کی طرف سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے سچیت گڑھ اور آر ایس پورہ میں ہر اول چوکیوں کے علاوہ شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس میں چھوٹے ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولے پھینکے گئے اور اس سے املاک کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ فائرنگ میں 7خواتین زخمی ہو گئی جس میں ایک ہی کنبہ کی 6خواتین شامل ہیں۔سچیت گڑھ اور چندو چک علاقہ میں ایک گولہ اس مکان کے اندر آ گرا جہاں لوگوں نے پناہ لے رکھی تھی، گولے کے چھرے لگنے سے یہ خواتین زخمی ہو گئیں جن کی شناخت 28سالہ کملیش کمار زوجہ سبھاش کمار، ان کی 12سالہ بیٹی ساکشی، 26سالہ وینا دیوی زوجہ پون کمار اور ان کی 10سالہ دختر سنجنا، منجو چودھری عمر 15سال دختر کرن چودھری اور سوما دیوی عمر 40سال زوجہ راج کمار ساکنان سچیت گڑھ کے طور پر کی گئی ہے ۔ جس وقت گولہ مکان کے اندر گرا اس وقت صرف خواتین ہی گھر میں موجود تھی جب کہ مرد باہر گئے ہوئے تھے۔ آر ایس پورہ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سبھی زخمیوں کو جموں میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دریں اثنا چندو چک علاقہ میں ایک ادھیڑ عمر خاتون دلجیت کور کے زخمی ہونے کی اطلات ہیں ، اسے بھی ایک گولے کا ٹکڑا آلگا ۔ اس خاتون کو بھی میڈیکل کالج میں بھرتی کروایا گیا ہے۔ اوڑی حملہ کے بعد پاکستان اور ہندوستانی افواج کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کی 40دفعہ خلاف ورزی ہو چکی ہے ۔ جبکہ پاکستان نے کنٹرول لائن اور ورکنگ بانڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر اسلام آباد میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ کودفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈکرایاہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ میں خصوصی ڈیسک برائے امور جنوبی ایشیا کے سربراہ نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کیا جس میں کہا گیا کہ بھارت ورکنگ بانڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس کے باعث 21اکتوبر سے اب تک 4 پاکستانی شہری شہید ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ چندروزقبل کنٹرول لائن پربھارتی فوج کی فائرنگ کے واقعہ پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکودفترخارجہ طلب کیاگیاتھا۔

مزید :

صفحہ اول -