تحریک انصاف کے رہنماوں اور متحرک کارکنوں کی گرفتاریاں چند روز میں متوقع

تحریک انصاف کے رہنماوں اور متحرک کارکنوں کی گرفتاریاں چند روز میں متوقع

لا ہور (کرائم رپورٹر،اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے ) لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماوں اور متحرک کارکنوں کی گرفتاری کے لئے لسٹیں تیار کرلیں،رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں آئندہ چند روز میں متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق اعلی سطحی اجلاس میں تحریک انصاف کے 2نومبر کے دھرنے میں شرکت کے لئے لاہور سے جانے والے رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں پولیس اور حکومت کی مشاورت سے تحریک انصاف کے اہم رہنماوں اور متحرک کارکنوں کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں،یہ لسٹیں متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بھجوادی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ان رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاری کا امکان ہے۔ان کارکنوں کو ان کے متعلقہ تھانوں کی بجائے دیگر تھانوں میں رکھا جائے گا۔دوسری جانب مظاہرین سے نمٹنے کے لئے لاہور پولیس کے4139جوانوں کو اسلام آباد بھجوانے کے حوالے سے بھی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کے کارکنوں کو اسلام آباد میں اسلام آباد پولیس کنڑول کریں گی،یہ اہلکار مسلح نہیں ہونگے ان کو مظاہرین سے نمٹنے کے لئے ڈنڈے،حفاظتی جیکٹس،ہیلمنٹ فراہم کئیے جائیں گے۔پانچ ہزار ربر کی گولیاں ، پانچ ہزار شیل اورچار بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی اہلکاروں کی رہائش اور کھانے کا انتظام اسلام آباد پولیس کے ذمے ہوگا۔تاہم اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف

مزید : صفحہ اول