پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ،پا کستان میں منتخب جمہوری حکومت کی حمایت کرتے ہیں :امریکہ

پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ،پا کستان میں منتخب جمہوری حکومت کی حمایت کرتے ہیں ...

واشنگٹن(اے این این)امریکہ نے تحریک انصاف کے دھرنے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے ،ہم پاکستان میں منتخب جمہوری حکومت کی حمایت کرتے ہیں،عمران خا ن کادھرنا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،سانحہ کوئٹہ انتہائی افسوسناک ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے،مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے نے کہا کہ امریکا کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی پر زور مذمت کرتا ہے، پولیس ٹریننگ سینٹرپرحملہ بزدلانہ اقدام ہے۔جان کربی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دہشت گرد حملوں میں پاکستان کے ہزاروں فوجی اور شہری شہید ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔جان کربی نے کہا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ خطرہ ہے اور جس کے خاتمے کیلئے مشترکہ جامع حل کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ میں عمران خان کے دھرنے پر تبصرہ نہیں کر سکتا یہ پاکستان کا اندروانی معاملہ ہے اور پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے تاہم امریکہ پاکستان میں منتخب جمہوری حکومت کی حمایت کرتا ہے۔

مزید : صفحہ اول