زیڈ ٹی بی ایل ٹینس چیمپئن شپ،برکت اللہ اور ماہین نے جیت لی

زیڈ ٹی بی ایل ٹینس چیمپئن شپ،برکت اللہ اور ماہین نے جیت لی

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پہلی زیڈ ٹی بی ایل نیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ بوائز میں برکت اللہ اور گرلز میں ماہین آفتاب نے جیت لی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب ذوالفقار احمد گھمن تھے۔ اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک، زیڈ ٹی بی ایل کے ایم ڈی سپورٹس کرنل (ر) خالد، میجر جنرل (ر) محمد اشرف، ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل الیسٹر، سہیل خواجہ، طیب، فہیم صدیقی، زونل ہیڈ زیڈ ٹی بی ایل سلمان احمد اور ٹینس کے کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔انڈر 18 بوائز کے مین فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد برکت اللہ نے یوسف خان کو 6-3, 6-4 سے ہرا دیا۔ گرلز ایونٹ میں ماہین آفتاب نے نور ملک کو 6-0, 6-0 کے سے ہرا کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ انڈر 14 فائنل میں محمد شعیب نے نے حمزہ بن ریان کو 6-2, 6-3 سے ہرایا جبکہ انڈر 12 کے فائنل میں عبدالحنان خان نے فیضان فیاض کو جبکہ انڈر 10 کے فائنل میں حمزہ رمضان نے حامد اسرار کو شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ بوائز انڈر18 ڈبلز مقابلوں میں برکت اللہ اور اسد اللہ نے ثاقب عمر اور یوسف خان کو شکست دی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا اور رشید ملک کو شاباش دی۔ ڈی جی اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کیلئے ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آغاز ہے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل الیسٹر کا کہنا تھا کہ ٹینس کے کھیل میں بچوں کی بڑی تعداد میں شمولیت خوش آئند بات ہے۔زیڈ ٹی بی ایل کے ایم ڈی سپورٹس کرنل (ر) خالد کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ٹینس کو سپورٹ کریں گے۔ اختتام میں سیکرٹری پی ایل ٹی اے رشید ملک نے ڈی جی سپورٹس بورڈ ذوالفقار گھمن، زیڈ ٹی بی ایل کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی