ایل سی سی اے میں فلڈ لائٹس کا کام اگلے ماہ سے شروع ہوگا

ایل سی سی اے میں فلڈ لائٹس کا کام اگلے ماہ سے شروع ہوگا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایل سی سی اے کرکٹ گراؤنڈ لاہور میں انٹرنیشنل معیار کی فلڈ لائٹس کی تنصیب کا کام اگلے ماہ سے شروع ہوگاجس پر حکومت پنجاب کے 59ملین روپے خرچ آئیں گے ۔فلڈ لائٹس کی تنصیب کا منصوبہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی زیر نگرانی ایک ماہ میں مکمل ہوگا ۔ایل سی سی اے کے صدر خواجہ ندیم احمد نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلڈ لائٹس کی تعمیر سے لاہور شہر میں نائٹ کرکٹ کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔لائٹس کی تنصیب سے ایل سی سی اے کی گراؤنڈ صوبہ پنجاب کی پہلی ریجنل گراؤنڈ بن جائے گی جہاں پر انٹرنیشنل معیار کی لائٹس ہوں گی جس سے شہر میں نائٹ کرکٹ کا نیا کلچر ڈویلپ کرنے میں مدد ملے گی ۔

خواجہ ندیم احمد نے بتایا کہ فلڈ لائٹس کی تنصیب کے منصوبہ کو منظور کروانے کا کریڈٹ ایم این اے حمزہ شریف کو جاتا ہے جنھوں نے پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف جو کہ صوبہ میں کھیلوں بالخصوص کرکٹ میں دلچسپی لیتے ہیں سے فلڈ لائٹس کی تنصیب کے منصوبہ کی منظور ی حاصل کی ۔ایل سی سی اے کے صدر نے نہ صرف حمزہ شہباز شریف کو نائٹ کرکٹ کے بارے میں متعددپریزینٹیشن دیں بلکہ نائٹ کرکٹ کی اہمیت کے بارے میں بھی اگاہ کیا۔خواجہ ندیم احمد نے بتایا کہ فلڈ لائنٹس اور بڑے پولز کی تنصیب کے لئے لیڈنگ انٹرنیشنل الیکٹرونک فرم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو اس منصوبہ پر کام اگلے ماہ سے شروع کرے گی ۔ایل سی سی اے فلڈ لائٹس کی تنصیب کے منصوبہ کی منظور ی پرپنجاب کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف ،ایم این اے حمزہ شہباز شریف اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار گھمن کی مشکور ہے ۔منصوبہ سے کرکٹ کی بالخصوص گراس روٹ لیول پر ڈویلپمنٹ میں مدد ملے گی ۔نوجوان کرکٹر ز کو نائٹ کرکٹ کا تجربہ ملے گا اور شائقین کرکٹ جب لائٹس میں کرکٹ میچز دیکھیں گے تو شہر میں نائٹ کرکٹ کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔خواجہ ندیم احمد نے کہاکہ کراچی پاکستا ن کا واحد شہر ہے جہاں پر تین سے چار گراؤنڈز میں نائٹ کرکٹ کھیلی جارہی ہے اور یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے جب بھی نائٹ میچز منعقد کیئے جاتے ہیں تو اسے دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی بڑی تعداد آتی ہے ۔ لائٹس کی تنصیب سے گرمیوں میں اور رمضان المبارک کے مہینہ میں ایل سی سی اے سے منسلک کلبوں کو مقابلہ جاتی کرکٹ میں مشغول کرنے میں مدد ملے گی ۔وینیو کو رات کے وقت قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے میچز کے لئے بھی استعمال کیا جاسکے گا ۔خواجہ ندیم جو کہ فرسٹ کلاس کرکٹر رہ چکے ہیں نے کہا کہ ایل سی سی اے سے وابستہ تمام کلبوں اور ان کی ٹیموں کو نائٹ کرکٹ کی پریکٹس کے لئے گراؤنڈ کی سہولت کی فراہمی کے لئے ایک سسٹم تشکیل دیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ میچ کے دوران بجلی فیل ہونے کی صورت میں گراؤنڈ کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ایک ہیوی سٹینڈ بائی جنریٹر بھی تنصیب کیا جائے گا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی