27 اکتوبر 1947ء انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے،نواز شریف

27 اکتوبر 1947ء انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے،نواز شریف

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضاء قائم کر رکھی ہے، بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ آج جمعرات 27 اکتوبر کو کشمیر کے حوالہ سے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 68 سال پہلے اس دن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام کو دبانے، خوفزدہ کرنے، انہیں محکوم بنانے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیلئے اپنی افواج سرینگر میں اتاری تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 100 دنوں سے زائد جاری کرفیو کی وجہ سے کشمیریوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر، جرأت مند اور باہمت عوام پاکستان کے عوام کی طرف سے تعریف کے مستحق ہیں،وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کے جائز حق کیلئے اپنے اصولی مطالبہ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھے لے اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی زیر التواء قراردادوں پر عمل کرے تاکہ اس پرانے تنازعہ کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔

مزید : صفحہ اول