تمام ماتحت عدالتوں میں قائداعظمؒ کی یکساں تصاویر آویزاں کرنیکا فیصلہ

تمام ماتحت عدالتوں میں قائداعظمؒ کی یکساں تصاویر آویزاں کرنیکا فیصلہ

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور سمیت پنجاب بھر کی ضلعی عدالتوں اور ججز کے کمروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یکساں تصاویر آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے قائد اعظم کی تصویر کی منظوری دے دی ہے۔سیشن اور سول سمیت دیگر ضلعی عدالتوں میں جب بھی جائیں تو عدالتوں کے مختلف کمروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد جناح کی مختلف تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں لیکن چیف جسٹس کی خصوصی دلچسپی کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ انتظامی سطح پر یہ فیصلہ کیا گیاہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کی ضلعی عدالتوں میں قائد اعظم محمد علی جناح کی کی ایک ہی تصویر لگائی جائے گی جبکہ صوبے بھر میں کام کرنے والے تقریباً 2 ہزار جوڈیشل افسروں کے چیمبروں میں بھی الگ الگ ایک ہی تصویر آویزاں کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق ایک ہی ڈیزائن کی بانی پاکستان کی 4 ہزار تصاویر کی تیاری کا حکم دے دیاگیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کی یکم نومبر کو 150سالہ تقریبات کے آغاز پر یہ تصاویر پنجاب بھر کے سیشن ججز کو بھجوا دی جائیں گی جو اپنی نگرانی میں تمام ضلعی عدالتوں میں ان تصاویر کے آویزاں کرنے کو یقینی بنائیں گے۔

مزید : صفحہ آخر