مہمند ایجنسی‘ پولیٹیکل ایجنٹ کا حلیمزئی تحصیل کا اچانک دورہ
مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ مہمند کا حلیمزئی تحصیل کا دورہ۔ سلطان خیل چاڑاگان ٹیم کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار، دورباخیل ٹیم کو نقد انعام ۔ پانچ سال تک کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔ پولیو مہم کے دوران سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار۔ تفصیلا کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر اور اے پی اے حسیب الرحمن خلیل نے جاری پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے تحصیل حلیمزئی کے دورباخیل، سلطان خیل ، چاڑاگان اور ناساپئی کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف گاؤں کے گلی کوچوں میں بچوں کے انگلیوں کے نشانات چیک کئے۔ جبکہ سلطان خیل چاڑاگان میں بلال ولد لعل فقیر کے انگوٹھی پر نشان نہیں پایا گیا جس پر پولیٹیکل ایجنٹ مہمند نے برہمی کا اظہار کیا۔ اور متعلقہ گاؤں کا ریکارڈ فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ جبکہ دورباخیل میں فیمیل سٹاف اور ٹیم کی بہتر کارکردگی پر انہیں نقد انعام دیا گیا۔ سڑک کے کنارے کھڑے بچوں کی صورت حال سے بھی آگاہی حاصل کی۔ اس موقعہ پر علاقے کے مشران پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاؤن کریں۔ تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ سکیں۔ انہوں نے پولیو ٹیموں میں کام کرنے والے رضاء کاروں کے مسائل کو بھی حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ جن ٹیموں کے رضاء کاروں کو کوئی تکلیف یا مسئلہ ہو تووہ فوکل پرسن اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ سے فوری طور پر رابطہ کیا کریں۔ انہوں نے پولیو مہم کے دوران مہیاں کئی گئی سیکورٹی انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اس لئے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو بر وقت پولیو قطرے پلائیں۔ جمعرات تک جاری رہنے والے پولیو مہم کیلئے سیکورٹی و دیگر انتظامات بھر پور جائزہ لیا جا رہا ہے۔