کوئی معاشرہ بدعنوانی اور بد یانتی کے ماحول میں ترقی نہیں کر سکتا ، ڈاکٹر امجد علی
پشاور ( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے رائیونڈ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی مدلل تقریر اور حق گوئی سے بددیانت سیاسی حکمران اور ملک دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نظام کی بہتری تک اپنی یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔رائیونڈ کے مارچ کی کامیابی کے حوالے سے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ کوئی معاشرہ بد عنوانی اور بد دیانتی کے ماحول میں ترقی نہیں کر سکتا اور وہی قومیں ترقی کر سکتی ہیں جنہوں نے ایمانداری اور محنت کو اپنا شعار بنایا اور پی ٹی آئی اسی مشن کے تحت ملک کو خوشحالی سے ہمکنار کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ سوات سے قافلے بڑے قومی جوش و جذبے کے ساتھ مارچ میں شریک ہوئے ہیں اور پرامن طریقے سے عوام کے جم غفیر نے ملک کی لوٹی گئی دولت کو واپس قومی خزانے میں لانے اور بد عنوانی ، اقرباء پروری ، خرد برد اور بد دیانتی کی سیاست کے خاتمے کیلئے رائیونڈ کا رخ کیا ہے تاکہ پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک ایسے صاف شفاف اور منصفانہ نظام کی بنیاد ڈالی جائے جو موجودہ اور آنے والی نسلوں کی حقیقی ترقی اور خوشحالی کا موجب بنے۔ انہوں نے کہا حکمرانوں نے ملکی خزانے کو لاوارث سمجھتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور انکی بد عنوانیوں کے باعث ملک آج اربوں روپے کا مقروض ہے جبکہ گاؤں گاؤں اور قریہ قریہ میں غریب لوگ بنیادی سہولتوں کیلئے ترس رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے جو جدو جہد شروع کی ہے اس کا مقصد قوم کے پیسے پر کی جانے والی شاہ خرچیوں کا خاتمہ کرنا اور بیرونی ملکوں میں منتقل کی گئی پاکستان کی دولت کو واپس لانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ہر طرح کے وسائل سے مالا مال ہے لیکن بد دیانت حکمرانوں کی پالیسیوں اور بد عنوانیوں کے باعث قوم کو کئی ایک مسائل کا سامنا ہے جس کا واحد حل یہی ہے کہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے طبقے بدعنوانی کی راہ روکنے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں تاکہ قومی وسائل قومی مفاد میں استعمال ہوں اور ملک سے غربت و نا خواندگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ڈاکٹر امجد علی نے بڑی تعداد میں مارچ میں شرکت کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پی ٹی آئی کے کار کنوں کی محنت کو سراہا۔