ٹریفک حادثات میں5نوجوان جاں بحق،کھیت سے جلی لاش برآمد

ٹریفک حادثات میں5نوجوان جاں بحق،کھیت سے جلی لاش برآمد

کچا کھوہ،کوٹ ادو،دوکوٹہ،ٹبہ سلطان پور،نور پور نورنگا،بستی ملوک،رحیم یار خان(نمائندگان)ٹریفک حادثات میں5نوجوان زندگی کی بازی ہارگئے کچا کھوہ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق کچاکھوہ کے گاؤں 26/10-Rکا رہائشی ارسلان ولد محمد رشید بعمر 20سال معمول کے مطابق خانیوال کالج جارہا تھا کہ نزد وٹو والی جھال موٹرووے پر تیز رفتاری کی وجہ سے دوران کراسنگ ٹریلر تلے کچلا گیا جس سے موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔مقامی پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی ۔کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق تھانہ محمود کوٹ کے علاقہ موضع زور کا رہائشی بلال زور موٹر سائیکل پر اپنے 10سالہ بھتیجے محمد عامر کو سکول چھوڑنے جا رہاتھا کہ جمکو چوک کے قریب عقب سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نمبری8111آر آیء این نے ٹکر ماری اور گھسیٹتا ہوا پختہ سڑک پر گرادیا جس کے نتیجہ میں 10سالہ محمد عامر موقع پر جاں بحق جبکہ بلال شید زخمی ہوگیا جسے تشویش ناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیاگیا،آئل ٹینکر ڈرائیور احمد فیاض ٹینکر موقع پر چھوڑ کر فرارہوگیا،پولیس محمود کوٹ نے ٹینکر قبضہ میں لیکر ٹینکر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔دو کوٹہ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی اڈا لالسگو کے رہائشی محمد بشیر فیرروز پوری کی فیملی محنت مزدوری کر کے واپس آ رہی تھی کہ بستی ڈھورے والا کے قریب دو رکشہ والے آپس میں مقابلہ کرتے ہوئے آ رہے تھے کہ اچانک ایک دوسرے سے ٹکرا گئے جن میں محمد شریف کی فیملی کا رکشہ سامنے سے آنے والے ٹرک نمبری ایم این جے 9787حنیف اینڈ کو سے ٹکرا گیا جس سے 16سالہ اللہ بخش موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ شریفاں زوجہ محمد بشیر ٹرک کے نیچے پھنس گئی جس کو کرین مانکا کر نکالا گیا محمد شان اور سلیماں بی بی سمیت دیگر زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں نے ہسپتال پہنچایا زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔نور پور نورنگا سے نمائندہ پاکستان کے مطابق موٹر سائیکل سوارگلزار احمد ولد گل محمد اڈہ تیرہ ہزار سے رنگ پور آتے ہوئے زیر تعمیر روڈ پر گڑھوں کی وجہ سے توازن برقرار نہ رکھ پایا اور اچانک گرنے سے شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔واضح رہے کہ زیر تعمیر ہونے کی وجہ سے آئے دن اس سڑک پر حادثات معمول بن چکے ہیں۔اہلیان علاقہ اصغر علی، انور نصیر، اللہ بخش چوہدری، اسماعیل فوجی، ملک نذر محمد و دیگر نے روڈ ٹھیکیدار کی سست روی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مقامی ایم پی اے ، ایم این اے اور ڈی سی او بہاول پور سے سڑک کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔بستی ملوک سے نمائندہ پاکستان کے مطابق تھانہ جلہ ارائیں کے علاقہ گیلے وال روڈ کے قریب کھیت کے کنارے ایک نوجوان جس کی عمر لگ بھگ 24سال بتائی جاتی ہے جلی ہوئی نعش ملی ہے ۔ نامعلوم افراد نے پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے بعد پھنک دیا ۔ نوجوان کی نعش بری طرح جلنے کی وجہ سے شناخت نہیں ہو سکی۔ تھانہ جلہ ارائیں پولیس نے نامعلوم نوجوان کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پورسٹ مارٹم کے بعدمزید تحقیقات کی جائیں گیں۔رحیم یار خان سے بیورو نیوز کے مطابق روجھان کارہائشی سات سالہ صادق حسین جو کہ سڑک کنارے جارہاتھاکہ اسی دوران پیچھے سے آنیوالے تیز رفتار موٹرسائیکل سوار نے بے قابو ہوکر اسے ٹکرماردی جس کے نتیجہ میں وہ شدیدزخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے کمسن بچہ صادق حسین کو ورثاء نے طبی امداد کے لئے رحیم یارخان ہسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر