کراچی میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں :وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں :وزیر اعلیٰ سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ہم کراچی میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ورلڈ بینک کی مددسے 1بلین ڈالر کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں ،یہ منصوبے کراچی کے لئے ہیں ،اس سلسلے میں گذشتہ روزترقیاتی کاموں سے متعلق اجلاس بھی طلب کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں اہلکاروں کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ ہماری تعلیم تباہ ہو جائے لیکن ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہم دہشت گردوں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں ، اصل جہاد یہ ہی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ میں کوئٹہ کے شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ میں صوبے میں تعلیمی کے شعبے میں ایمرجنسی نافذ کر چکا ہوں اور میں صوبے میں تعلیمی خامیوں سے بخوبی واقف ہوں اس لئے ہم نے ایجوکیشن کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پبلک سیکٹر کے ایجوکیشن کے شعبے میں بیورو کریسی بڑی تعداد میں موجود ہے لیکن پھر بھی تعلیمی شعبے میں اچھی خدمت نہیں ہو سکی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ کراچی کی سڑکوں کو تعمیرو مرمت کرنے کا بھی اعلان کیا ۔انہوں نے مز ید کہاکہ اقراء یونیورسٹی تعلیم کے شعبے میں اچھا کام کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے چند روز قبل دمبہ گوٹھ میں قائم اسکول کا دورہ کیا تھا اور چھوٹے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگا تھا جن کو دیکھ کر مجھے اپنا بچپن اور پرائمری تعلیم یاد آگئی تھی ۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم ان شاء اللہ تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے اور بچوں کو بہترین تعلیمی معیار سے آراستہ کریں گے ۔