جاز کا ٹریفک پولیس کے تعاون سے بچوں کیلئے مقابلہ مصوری کا انعقاد

جاز کا ٹریفک پولیس کے تعاون سے بچوں کیلئے مقابلہ مصوری کا انعقاد

کراچی(اکنامک رپورٹر ) جازنے اسلام آباد ٹریفک پولیس ( ITP ) کے تعاون سے اوپن ایئر تھیٹر شکرپڑیاں اسلام آباد میں ’’جاز مقابلہ مصوری ‘‘ منعقد کیا ۔ اس مقابلے کا مقصد اسکول کے بچوں کے درمیان روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ اس مقابلے میں اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں کے سینکڑوں بچوں نے حصہ لیا جبکہ اس اقدام کی حوصلہ افزائی کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طارق مسعود یاسین بھی موقع پرموجود تھے۔ اسلا م آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تقریباً ہر سال منعقد کئے جانے والے اس مقابلے میں طالب علموں نے روڈسیفٹی اور متعلقہ خطرات سے متعلق سادہ اور اہم موضوعات پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی مددسے تصویرکشی کی۔ اس سال ہونے والی تقریب کی دیگر سرگرمیوں میں گانوں کے مقابلے اور میجک شو بھی شامل تھے۔ ایونٹ کی ایک منفرد خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس میں خصوصی بچوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے اہم ضروریات کے ساتھ ڈیزائن کردہ روڈسیفٹی اقدامات کواپنے نقطہ نظرسے پیش کیا ۔ موبی لنک کے کارپوریٹ کمیونیکشن کے سربراہ عمرمنظورنے ا سکول کے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ،’’ ٹریفک قوانین انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ سڑک پر لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے بنائے گئے ہیں۔ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع دیکھنے میں آیا ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے ۔‘‘جاز مقابلہ مصوری کے اختتام پر مختلف کیٹگریز کی تین بہترین پینٹنگز کے آرٹسٹوں کو انعامات سے نوازا گیا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر