عمران خان ملک کی خراب حالت کی وجہ سے دھرنا موخرکریں،نجمی عالم

عمران خان ملک کی خراب حالت کی وجہ سے دھرنا موخرکریں،نجمی عالم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے رہنماؤں نجمی عالم، وقار مہدی اور لطیف مغل نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کے معروضی حالات اور بارڈر پر تشویشناک صورت حال کے پیش نظر اپنا اسلام آباد دھرنے کا پروگرام بند کر دیں کیونکہ اس سے ملک کے اندر شدید انتشار پیدا ہونے کا خدشہ اور خطرہ ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور جمہوریت کی خاطر سب کچھ قربان کیا جاسکتا ہے لیکن بدقسمتی سے عمران خان مسلسل یہ تاثر دے رہے ہیں کہ اسلام آباد کا دھرنا آخری راؤنڈ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوا تو عمران خان کو صرف پیپلز پارٹی سمیت دیگر جمہوری قوتوں کا ہی سامنا نہیں کرنے پڑیگا بلکہ انہیں کراچی تا خیبر عوام کے غیض وغضب کا بھی سامنا کرنا پڑے گا لہذا عمران خان کو چاہئے کہ وہ بچکانہ طرز سیاست چھوڑ کر عملیت پسندی کی طرف قدم بڑھائیں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر