ڈپٹی میئر کراچی کا لوکل کونسلوں کے فنڈ منجمدکرنے پر اظہار تشویش

ڈپٹی میئر کراچی کا لوکل کونسلوں کے فنڈ منجمدکرنے پر اظہار تشویش

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے سندھ حکومت کے اس فیصلے پر جس میں سندھ کی تمام لوکل کونسلوں کے فنڈ منجمد کیے گئے ہیں تعجب اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ہندو برادری کے دیوالی کے موقع پر دی جانے والی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں گی جس کے باعث وہ اس خوشی کے تہوار کو نہیں منا سکیں گے جبکہ افسران اور ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں اور پنشن بھی ادا نہیں کی جا سکے گی۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے تمام ترقیاتی کام رک جائیں گے‘ زیر تعمیر منصوبے مزید تعطل کا شکار ہوں گے اور صحت و صفائی کی صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی۔ ڈپٹی میئر کراچی نے مزید کہا کہ سندھ بھر کے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اس بات کی وضاحت کرے کہ اس اچانک فیصلے کے پیچھے آخر کیا محرکات درپیش ہیں۔ ڈپٹی میئر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ حالات کو مزید ابتری سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کریں اور بلدیاتی اداروں کے منجمد کردہ اکاؤنٹس کو فوری بحال کریں تاکہ روز مرہ کے امور سمیت زیر تعمیر منصوبوں کو بھی بروقت مکمل کیا جاسکے۔

مزید : کراچی صفحہ آخر