سود کے خاتمے کیلئیکمیتی کیسفارشات کے منتظر ہیں ،حج و عمرہ ایکٹ جلد پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائیگا :وزیر مذہبی امور

سود کے خاتمے کیلئیکمیتی کیسفارشات کے منتظر ہیں ،حج و عمرہ ایکٹ جلد پارلیمنٹ ...

اسلام آباد(اے این این) مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردارمحمد یوسف نے کہا ہے کہ معیشت کو سود سے پاک کرنے کیلئے کمیٹی کی سفارشات کا انتظار ہے ،حج کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کے تمام اکاؤنٹس سود سے پاک کریں گے ،حج و عمرہ ایکٹ جلد پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائے گا ،حج آرگنائزرنے حج 2016ء میں بہترین خدمات انجام دیں، امید ہے کہ اس معیار کو مزید بہتر کریں گے، آئندہ حج کے دوران حجاج کرام سے رابطوں میں آسانی کیلئے ٹریکنگ سسٹم رائج کریں گے اورا س کیلئے حج آرگنائزر کو بھی سروس کوٹہ دیں گے، سعودی حکومت کیساتھ تین وقت کے کھانے کا معاہدہ کیا جائے گا ، انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر نظام بہتر نہیں ہوسکتا، آج کوئی قاتل کیخلاف گواہی دینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کویہاں حج آرگنائزر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ حج ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مانسہرہ سے مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدربھی موجودتھے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کامعاشی نظام سود سے پاک کیا جائے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس سلسلے میں ایککمیٹی بنائی ہے ہمیں سود سے پاک نظام لانے کیلئے کمیٹی کی سفارشات کا انتظار ہے ہم نے کوشش کی ہے کہ وزارت سے متعلقہ تمام اکاؤنٹس سود سے پاک ہوں اور حج کیلئے درخواستوں کی رقم ان بنکوں کے اکاؤنٹس میں جمع کرائی جائے جہاں شریعہ اکاؤنٹس ہیں ، اسی طرح زکوۃٰ کے نظام کو بھی بہتر بناناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حج 2016ء ایک مثالی حج تھا کامیاب حج آپریشن پر وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کے عملے کیلئے چار ماہ کی اضافی تنخواہ کیلئے گرانٹ دی ہے جو ہماری کارکردگی کا ثبوت ہے حج آرگنائزر نے بھی اس سلسلے میں بہترین خدمات انجام دیں امید ہے کہ وہ اس معیار کو مزید بہتر کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور حج انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے مختلف شہروں میں حج ورکشاپیں منعقد کرتی ہے اور ان کی تجاویز کی روشنی میں نئی حج پالیسی مرتب کی جاتی ہے اس سال پرائیویٹ حج گروپ کی تنظیم ہوپ نے بھی اس نوعیت کی حج ورکشاپ منعقد کی ہے یہ اچھی تقلید ہے ورکشاپ میں دی گئی تجاویز حج پالیسی 2017ء کی تیاری میں مدد گار ثابت ہوں گی و زارت مذہبی امور آئندہ حج انتظامات کومزید بہتر بنانے کیلئے ہوپ کے ساتھ مشاورت کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ حج و عمرہ کے زائرین کی خدمت کرنا ایک سعادت ہے اور ہماری حکومت نے نیک نیتی کے ساتھ حجاج کی خدمت کی ہے ، حج و عمرہ ایکٹ جلد پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس سال ہم ایک ایسا ٹریکنگ سسٹم رائج کریں گے جس سے حج کے دوران تمام حجاج سے رابطوں میں آسانی ہو اور اس کیلئے حج آرگنائزر کو بھی سروس کوٹہ دیں گے جبکہ آئندہ سعودی حکومت کے ساتھ تین وقت کے کھانے کا معاہدہ کیا جائے گا ۔ سردار یوسف نے کہاکہ نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے ہمیں سب سے پہلے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا، انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر نظام بہتر نہیں ہوسکتا، آج کوئی قاتل کے خلاف گواہی دینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔اس موقع پر کیپٹن(ر) صفدر نے کہاکہ نواز شریف 2018ء تک وزیراعظم رہیں گے مخالفین کا اصل نشانہ نواز شریف نہیں گوادر بندرگاہ ہے ، یہودیوں کے ایجنٹ نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کے بچوں کو بے حیائی کی تربیت دینے اور کنٹینر پر بیٹھ کر بیہودہ زبان استعمال کرنے والوں کو سمجھ جانا چاہیے کہ عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی حکومت پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت کردے تو ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ثناء اللہ خان نے کہاکہ سرکاری سکیم اور پرائیوٹ حج آرگنائزرکاکوئٹہ پچاس ،پچاس فیصدہے ہم حجاج کو بہتر خدمات پہنچانے کیلئے وزارت مذہبی امور کو حج پالیسی 2017ء کی تیاری میں تجاویز دیں گے ہم نے ا س سلسلے میں آج اسلام آباد میں پہلی حج ورکشاپ کرکے ابتداء کی ہے ملک کے دیگر صوبوں میں ہم اس طرح کی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے ۔اس سے پہلے ہوپ ایگزیکٹو کمیٹی کے جاوید احمد خان نے پروجیکٹر کے ذریعے حج 2016 کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر