پاکستان کی ترقی کیلئے امن ،خود اعتمادی و سیاسی استحکام ناگزیر ہے :احسن اقبال

پاکستان کی ترقی کیلئے امن ،خود اعتمادی و سیاسی استحکام ناگزیر ہے :احسن اقبال

اسلا م آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے امن،خود اعتمادی اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے ،کامیابیوں اور منزل کے حصول کیلئے خود پر اعتماد اور مثبت سوچ کا ہونا لازمی ہے ،وقت آ گیا ہے کہ منفی سوچ کو بدل کر مثبت سوچ کو اپنانا ہو گا،یہ ایجاد کا دور ہے جو وقت کیساتھ تبدیل ہو رہا ہے،2016 کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے بہت بہتر ہے،پوری دنیا مان رہی ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وژن 2025 کے تحت پاکستان کو دنیا کی پہلی25 معیشتوں میں شامل کرنا ہمارا مشن ہے ۔بدھ کو نسٹ یونیورسٹی میں بزنس منیجمنٹ پر چھٹی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ ایجادات کا دور ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلیاں آرہی ہیں اور مضبوط معیشت اور ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ نئی ایجادات اور تیز رفتار ترقی کرنیوالے ممالک سے مطابقت پیدا کرنے کی کوشش کی ۔احسن اقبال نے کہاکہ امن ، سیاسی استحکام ، خود اعتمادی اور مثبت سوچ اپنانے سے ہی ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں ،وقت آ گیا ہے کہ منفی سوچ کو بدل کر مثبت سوچ کو اپنانا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو وژن2025ء کے تحت دنیا کی پہلی پچیس معیشتوں میں شامل کرنا ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کی صورت میں پاکستان کے پاس ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو نے کا بہترین موقع ہے ، تاریخ میں پہلی بار توانائی کے شعبے میں اتنی سرمایہ کاری ہورہی ہے جس سے ملک کی کایا پلٹ جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بہتر حکمت عملی کے تحت پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کررہی ہے اور یہ ہماری بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے کہ دنیا پاکستان کو ابھرتی معیشت قرار دے رہی ہے جبکہ حقائق بھی یہی ہیں کہ2013ء کے مقابلے میں2016ء کا پاکستان بہت بہتر ہے اور اس کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

احسن اقبال

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر