دو کینیڈین خواتین سمیت تین افراد آسٹریلیا میں گرفتار، منشیات برآمد
ٹورانٹو (محسن عباس ۔ بیوروچیف)کینیڈا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین اور ایک مرد کو آسٹریلیا میں تیس ملین ڈالر مالیت کی منشیات سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے فرانسیسی آبادی والے صوبے کیوبک سے تعلق رکھنے والی دو خواتین اور ایک مرد جن میں تئیس سالہ ملینا رابرگ، اٹھائیس سالہ ازابیل لاگاس اور ایک چونسٹھ سالہ شخص آندرے تامین شامل ہیں کو آٹریلوی بارڈر فورس نے سونگھنے والے کتوں کی مدد سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ پچانوے کلو گرام کوکین سوٹ کیسوں میں چھپا کر ایک سیاحتی امریکی بحری جہاز" پرنس کروز" کے ذریعے ٓاسٹریلیا میں داخل ہوئیں ۔ یہ تینوں افراد دو ماہ سے اس سیاحتی بحری جہاز پر دنیا کے گرد "عیاشی کا چکر" کاٹنے میں مصروف تھے کہ کینیڈا، امریکہ اور آسٹریلیا کی خفیہ ایجنسیوں نے ایک مشترکہ آپریشن کے ذریعے ان کو گرفتار کرنے میں مدد کی ہے۔
اس کوکین کی مالیت تیس ملین ڈالر بتا ئی گئے ہے۔ ان تینوں کو جج کے سامنے پیش کیا مگر جج نے ان کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اگر عدالت میں ان پر لگائے الزام ثابت ہو گئے تو تینوں کو عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔