ڈاکٹر اختیار بیگ WFCجنوبی ایشیاء ریجن کے چیئرمین نامزد
کراچی( اسٹاف رپورٹر)ورلڈ فیڈریشن آف قونصلز (WFC) کے حالیہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں یمن کے اعزازی قونصل جنرل، قونصلر کارپس سندھ کے صدر اور WFC کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کو آئندہ 3 سال کیلئے ورلڈ فیڈریشن آف قونصلز جنوبی ایشیاء ریجن کا چیئرمین نامزد کردیا گیا۔ ڈاکٹر بیگ WFC میں پاکستان کے علاوہ بھارت، ایران، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، بھوٹان اور افغانستان کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ورلڈ فیڈریشن آف قونصلر کارپس 90 ممالک پر مشتمل اعزازی قونصل جنرلز کی نمائندہ عالمی تنظیم ہے جو اقوام متحدہ کے 1963ء کے ویانا کنونشن کے تحت دنیا میں سفارتی خدمات انجام دے رہی ہے۔ ڈاکٹر اختیار بیگ نے WFC کا جنوبی ایشیاء کیلئے چیئرمین نامزد کرنے پر ورلڈ فیڈریشن آف قونصلز کے صدر اکوت ایکن اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیاء کیلئے چیئرمین نامزد ہونا ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر بیگ پہلے ہی WFC کی پبلک ریلیشن اینڈ میڈیا سینٹرل کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔