قائداعظم ون ڈے کپ:پہلاکوارٹر فائنل آج نیشنل بینک اور واپڈاکے درمیان کھیلا جائیگا

قائداعظم ون ڈے کپ:پہلاکوارٹر فائنل آج نیشنل بینک اور واپڈاکے درمیان کھیلا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی ون ڈے کپ 2018-19 کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی جس کے مطابق نیشنل بنک، ایس ایس جی سی ایل، خان ریسرچ لیبارٹریز، پی ٹی وی، واپڈا، حبیب بنک، ملتان اور اسلام آباد کی ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی ون ڈے کپ کے سات راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد پول اے اور پول بی سے ٹاپ چار، چار ٹیموں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے، پول اے میں نیشنل بنک کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہی، خان ریسرچ لیبارٹریز نے دوسری، حبیب بنک نے تیسری اور اسلام آباد نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، پول بی میں سوئی سدرن گیس کارپوریشن اور پی ٹی وی نے 12 ، 12 پوائنٹس حاصل کئے، بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے پہلی اور پی ٹی وی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، واپڈا نے 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور ملتان ریجن نے 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ میگا ایونٹ میں 16 ڈیپارٹمنٹل اور ریجنز کی ٹیموں نے حصہ لیا، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، پشاور، فاٹا، لاہور وائٹس، راولپنڈی، لاہور بلیوز، کراچی وائٹس اور زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ نہ بنا سکیں۔ پی سی بی کے مطابق ناک آؤٹ مرحلہ (آج) ہفتہ سے شروع ہوگا، پہلے میچ میں نیشنل بنک اور واپڈا کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، دوسرا کوارٹر فائنل (کل) اتوار کو ایس ایس جی سی ایل اور حبیب بنک کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 29 اکتوبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں کے آر ایل اور ملتان ریجن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 30 اکتوبر کو پی ٹی وی اور اسلام آباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل یکم نومبر، دوسرا 2 نومبر جبکہ فائنل 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔