الحمراء آرٹ گیلری میں اسم محمد پر مبنی خطاطی کی نمائش کا افتتاح کے موقع پر اظہار خیال
لاہور(فلم رپورٹر)نمائش کے انعقاد کا مقصد دنیا کے سامنے اسلام کی اصل تصویر پیش کرنا ہے،اسم محمدؐ اور اسکے لکھنے والوں سے بے حدمحبت ہے،اعلیٰ وارفع مقصد کیلئے منعقد ہونے والی اس نمائش کو لاہورآرٹس کونسل نے اپنی منظم اور مر بوط کو ششوں سے ممکن بنایا،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیربرائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے الحمراء آرٹ گیلری میں منعقد ہونے والی اسم محمد پر مبنی مصورانہ خطاطی کی نمائش کا افتتاح کرنے سے قبل تقسیم انعامات کی تقریب میں کیا۔ انھوں نے کہا اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، اس کے ماننے والے اعلیٰ اقدار کے علمبردار ہیں، امت مسلمہ کو اپنے خلاف اٹھنے والی ہر گھناونی سازش کو خاک میں ملانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی بنانا ہوگی،انھوں نے مزید کہا کہ عشق رسولؐ ہمارے دین کی بنیاد ہے،میرا یہی جذبہ اس نمائش کے انعقاد کا موجب ہے، صوبائی وزیربرائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے نمائش کا افتتاح بھی کیا۔
چیئرمین الحمراء توقیر نے اس موقع پر کہاکہ اپنی تمام ترتوانائیاں اور صلا حیتیں تحفظ ناموس رسالت ؐکے لئے بروئے کار لانا اعزاز ہے،ہم سب کی محبتوں اورعقید توں کا محور سرور کائناتؐ کی ذات مبارکہ ہے۔تقریب میں علامہ کرام نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی نے تقریب کی نظامت کی اور تمام آرٹسٹوں کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں اعلی پوزیشن حاصل کرنے والے مصوروں انور خان، عارف خان،عمران سلطان ،عرفان قریشی ،مرزا ندیم احمد، محمد امجد علوی، محمدنبی حسن، منور اسلام،وقاص یحیی، ذوالقرنین کو دس دس ہزار روپے کے علاوہ شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ بھی دئیے گئے۔اس نمائش میں340فن پارے رکھے گئے ہیں،ملک بھر سے 310آرٹسٹوں نے اس نمائش میں حصہ لیا ہے۔ واضح رہے یہ نمائش 2نومبر تک جاری رہے گی۔