کراچی سے نیروبی براہ راست پروازوں سے تجارت بڑھے گی

کراچی سے نیروبی براہ راست پروازوں سے تجارت بڑھے گی

لاہور(کامرس رپورٹر) کینیا کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کے بٹوک نے کہا ہے کہ کراچی سے نیروبی کے درمیان براہ راست پروازوں سے باہمی تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر امجد علی جاوا، میاں زاہد جاوید ، نسیم الغنی، عاطف اکرام، ڈاکٹر محمد ارشداور رانا نثار احمد بھی موجود تھے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیا کا لیگل اور فنانشل سسٹم بہت مضبوط ہے، پاکستانی تاجروں کو کینیا کے تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مستقل بنیادوں پر تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر بھی ضرور دیا۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ کینیا افریقہ کا اہم ملک ہے جس کے تجارتی و معاشی تعاون کا فروغ پاکستان کے لیے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کینیا کے ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر افریقی خطے کی پوٹینشل کو اْجاگر کرنے کے لیے بہت سا کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارت کا حجم بتدریج بڑھ رہا ہے۔

مزید : کامرس