لمز کیو ایس ریجنل رینکنگ میں 95 ویں نمبر پر آ گئی

لمز کیو ایس ریجنل رینکنگ میں 95 ویں نمبر پر آ گئی

لاہور(پ ر)لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ ایشیاء 2019ء کے مطابق ایشیاء کے 100 بہترین اداروں میں 8 نمبر اوپر پہنچ گئی ہے اور لمز کا نمبر اس وقت 95 واں ہے اور کارکردگی کی بنیاد پر بلند ترین 19 فیصد اداروں میں اس کا شمار ہو رہا ہے۔ علاقے میں 41 ویں درجہ کے حساب سے لمز کے لئے ایمپلائر ریپوٹیشن اشاریہ مضبوط ترین ہے۔ 2014ء سے لمز نے 86 درجے حاصل کئے ہیں اور پانچ سال کے عرصہ میں لمز نے چار مرتبہ اپنی درجہ بندی کو بہتر بنایا۔ Quacquarelli Symonds (کیو ایس) یونیورسٹی رینکنگ دنیا میں سب سے ممتاز اور مسلمہ بین الاقوامی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی ہے اور درجہ بندی کرتے وقت تعلیم، ادارے کی ملازمت فراہم کرنے کے حوالے سے شہرت، فیکلٹی ۔ طلباء کا تناسب، ہر فیکلٹی کے لحاظ سے پیپرز اور بین الاقوامی فیکلٹی کا تناسب کارکردگی کے ایسے اشاریئے ہیں جن سے درجہ بندی کی جاتی ہے۔ لمز فیکلٹی اور وسیع البنیاد کمیونٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد نے سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر ایس سہیل ایچ نقوی کی نگرانی اور قیادت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لمز کی درجہ بندی 8 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 95 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور پہلی مرتبہ 100 بہترین یونیورسٹی میں شمولیت کے ذریعے درجہ بندی کا یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔

پچھلے چار سال کے دوران اس تناظر میں لمز نے 86 درجے اضافے کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنائی ہے۔ یہ پاکستان کی ایک بہترین یونیورسٹی کے طور پر اس کی نمایاں کامیابی ہے اور ایک تحقیقی ادارے اور ایک مرکزی تعلیمی ادارے کے طور پر اب وہ بین الاقوامی سطح پر مقام حاصل کیا ہے جس کی وہ مستحق ہے۔ ہم براعظم اور دنیا میں اپنے مقام کے حوالے سے تذویراتی لحاظ سے سوچنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

پچھلے چند ماہ کے دوران ہم نے لمز کے لئے کئی کامیابیوں کے باب دیکھے ہیں۔ یونیورسٹی نے ستمبر میں ایم فل ایجوکیشن لیڈر شپ اینڈ مینجمنٹ کلاس کے پہلے بیج کا خیرمقدم کیا۔ لندن اسکول آف اکنامکس میں ایل ایس ای انٹرپرینیور شپ کے بانی ڈائریکٹر اور پروفیسر آف مینجمنٹ اکاؤنٹنگ ڈاکٹر النور بھیمانی نے بزنس اسکول کے اعزازی ڈین کی حیثیت سے لمز میں شمولیت اختیار کی جبکہ یونیورسٹی اب نئے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد سابق پرووسٹ، ٹیچنگ اینڈ لرننگ اور McMaster یونیورسٹی میں پروفیسر آف فنانس اینڈ بزنس اکنامکس کی قیادت میں نئی افق کو چھونے کا عزم رکھتی ہے۔

لمز نے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے بگ اینالائٹک اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے فروغ کے لئے قائم کردہ نیشنل سینٹر ان بگ ڈیٹا اینڈ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کیلئے 1.5 ارب روپے کی بولی میں بھی کامیابی حاصل کی۔ یونیورسٹی نے لمز میں قائم نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) کی کامیابی کے بعد Ignite۔ٹیکنالوجی فنڈ کے ذریعے کوئٹہ میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے قیام کیلئے 560 ملین روپے کا پروجیکٹ بھی حاصل کیا۔

مزید : کامرس