ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کا تحفظ مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری ہے ، سراج الحق

ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کا تحفظ مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری ہے ، سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری ہے ۔ اگر انہوں نے یہ ذمہ داری پوری نہ کی تو وہ دنیا و آخرت میں اس کی جوابدہی سے بچ نہیں سکیں گے ۔ خاتم المرسلین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق و محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے کوئی مسلمان آپ ؐ کی اہانت برداشت نہیں کرسکتا۔ ہالینڈ کے بدبخت گیرٹ ولڈر نے خاکوں کا دوبارہ مقابلہ کروانے کا اعلا ن کیاہے جس کا حکومت پاکستان کو فوری نوٹس لینا اور ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کرناچاہیے ۔ اگر سلمان رشدی کو فوری سزا دی جاتی تو آج کسی کو ابنیاء ؑ کی اہانت کی جرأت نہ ہوتی ۔ مغرب کے اشاروں پر کچھ لوگ 295-C کو آئین سے نکلوانے کی سازش کر رہے ہیں ۔ آئین کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو قوم برداشت نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ چند شر پسند اٹھیں اور مقدس ہستیوں کی توہین شروع کردیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام مذاہب کی مقدس ہستیوں کے احترام اور عزت کو قائم رکھنے کے لیے ضروری ہوگیاہے کہ اقوام متحدہ فوری قانون سازی کر کے قابل احترام ہستیوں کی اہانت کو ناقابل معافی جرم قرار دے ۔ انہوں نے کہاکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اہانت پونے دو ارب مسلمانوں کی عقید ت و محبت کے مرکز پر حملہ ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ سینیٹر سراج الحق نے معیشت کی زبوں حالی پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ملکی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے ۔ حکمران معیشت کی بہتری اور خوشحالی کی باتیں اور اعلانات بہت کرتے ہیں مگر عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں ۔ حکمرانوں کو ادھر ادھر دیکھنے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے اللہ کے در پر جھکنا چاہیے تھا ۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -