پاکستان کشمیر یوں کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ،صدر مملکت
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بھائیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی ان کے جائز نصب العین کیلئے غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا جو ان کے جائز حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رہے گی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے جائزہ کیلئے کمیشن آف انکوائری کی تشکیل کیلئے او ایچ سی ایچ آر رپورٹ کی سفارشات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے، اس روز سات دہائیاں قبل بھارتی قابض افواج بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے معصوم عوام پر تسلط، جبر و استبداد کیلئے سرینگر اتریں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے ایک منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے تحت اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے کشمیری عوام کے حق کی تائید کی، ان قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بین الاقوامی برادری سے کئے گئے اپنے وعدہ کے باوجود بھارت نے جبر و استبداد اور قتل عام کا راستہ اختیار کیا جو آج بھی جاری ہے۔
صدر مملکت