سعید غنی کا اچانک کراچی واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر کا دورہ

سعید غنی کا اچانک کراچی واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی نے جمعہ کی صبح اچانک کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مرکزی دفتر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں افسران اور ملازمین کی حاضری چیک کی۔ اس موقع پر افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد کی غیر موجودگی پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور احکامات دئیے کہ جو ملازمین اور افسران غیر حاضر ہیں ان کی ایک روز کی تنخوائیں کاٹ لی جائیں اور افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کے ایڈہاک ملازمین کے معاملے پر سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو تمام معاملات اور قانونی تقاضوں کے بعد ان ملازمین کو بحال کرنے کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی روزگار کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور ہم کسی کو بھی بے روزگار نہیں ہونے دیں گے لیکن جو ملازمین کام نہیں کریں گے یا گھوسٹ ہوں گے ان کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر بلدیات و کچی آبادی اور واٹر بورڈ کے چیئرمین سعید غنی نے جمعہ کے روز اچانک صبح 9.00 بجے واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات کے فوکل پرسن رحمت اللہ شیخ، کوآڈینیٹر محمد خان ابڑو، میڈیا کنسلٹینٹ زبیر میمن اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر جب ہیڈ آفس پہنچیں تو انہیں بتایا گیا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ اور ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل دونوں سپریم کورٹ میں ایک کیس کے سلسلے میں وہاں گئے ہیں جبکہ صوبائی وزیر نے ایک ایک دفتر میں جاکر وہاں افسران اور ملازمین کے حوالے سے باز پرس کی ۔ اس موقع پر افسران اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد موجود نہ ہونے پر صوبائی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور وہاں موجود حاضری رجسٹرڈ پر تمام غیر حاضر ملازمین کی خود اپنے ہاتھوں غیر حاضری لگائی، اس موقع پر انہوں نے احکامات دئیے کہ جو افسران اور ملازمین دفتر وقت پر نہیں آئے وہ آج غیر حاضر ہوں گے اور ان کی ایک روز کی تنخواہ کاٹ لی جائے گی جبکہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -