بجلی ، گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ،1پلازہ 4فیکٹریاں سیل متعدد گرفتار ، کئی فرار

بجلی ، گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ،1پلازہ 4فیکٹریاں سیل متعدد گرفتار ، کئی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( جنرل رپورٹر، کرائم رپورٹر) ضلعی انتظامیہ لاہور نے لیسکو اور سوئی گیس کے ہمراہ ملکر شہر بھر میں بجلی و گیس چوری کو پکڑنے کے لییگزشتہ روز باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا ہے ،لیسکو اور سوئی گیس کی ٹیموں نے ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں گزشتہ روزعابد ٹاؤن سمسانی روڈ، یکہ مارکیٹ اور مراکہ میں 115گھروں سمیت چار فیکٹریوں اور ایک پلازہ کی دکانوں میں ڈائریکٹ بجلی چوری پکڑ لی جبکہ عابد ٹاؤن سے ہی 100گھروں میں ڈائریکٹ گیس کی چوری پکڑ لی، ایک پلازہ سمیت چار فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ تفیصلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو لیسکو کے ساتھ ملکر بجلی چوری کی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔ جس پر گزشتہ روز ہنجروال کے سمسانی روڈعابد ٹاؤن میں ضلعی انتظامیہ اور لیسکو کی ٹیم جس میں ڈی سی آفس سے امیر علی، ایکسین اقبال ٹاؤن محمد شجاعت ، ایس ڈی او چوہنگ خلیل احمد شامل تھے نے چھاپہ مار کر چار فیکٹریوں اور 100گھروں میں بجلی و گیس کی ڈائریکٹ چوری پکڑی۔ فیکٹری مالک وقار احمد زیر زمین بجلی کی تاروں کو بچھا کر چاروں انڈسٹریل یونٹس میں بجلی استعمال کر رہا تھا جبکہ سب میٹر لگا کر 100گھروں کو بھی اس کی سپلائی جاری تھی۔ فیکٹریوں میں دانہ، شاپر اور ایمبرائیڈری کا کام کیا جاتا تھا،مالک وقار موقع سے فرار ہو گیا ۔ تمام انڈسٹریل یونٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔ دوسری کارروائی میں چوہنگ مراکہ میں رحمت پلازہ میں بجلی کی ڈائریکٹ چوری پکڑی گئی، دو ملزمان آصف اور شوکت کو گرفتار کر کے پلازے کو سیل کردیا گیا۔تیسرا آپریشن یکہ مارکیٹ ملتا ن روڈ پر کیا گیا جہاں پر ڈائریکٹ سپلائی سے15گھر وں میں بجلی چوری کر رہے تھے۔ سب میٹر لگا کر لوگوں سے پیسے وصول کرنیوالا ملزم محمد علی موقع سے فرار ہو گیا۔ ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے سمسانی روڈ آپریشن کے مقام کا دورہ کیا اور بجلی چوری نیٹ ورک کا خود جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی سی لاہور نے کہا کہ لسیکو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بجلی چوروں کو پکڑنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کریں۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوری کرنے والے کے خلاف اطلاع ڈی سی آفس کے اس نمبر99210630 پر دیں۔ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے تینوں آپریشنز کی کامیابی کو سراہا ہے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ بجلی و گیس چوری کرنیوالوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
کریک ڈاؤن

مزید :

صفحہ آخر -