جماعتہ الدعوہ کی اپیل پر بھارتی قتل و غارت گری کیخلاف ملک گیر احتجاج

جماعتہ الدعوہ کی اپیل پر بھارتی قتل و غارت گری کیخلاف ملک گیر احتجاج

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جماعۃالدعوۃ پاکستان کی اپیل پرمقبوضہ کشمیرپر بھارتی قبضہ کے71 برس مکمل ہونے اورکشمیر میں جاری قتل و غارت گری کیخلاف ملک گیر سطح پرزبردست احتجاج کیا گیا۔لاہور، کراچی، گوجرانوالہ،فیصل آباد،سیالکوٹ،ملتان،کوئٹہ،پشاور اور مظفر آبادسمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیاجن میں طلباء، وکلاء، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے بعد مختلف شہروں و علاقوں میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ مظاہروں کے دوران ہزاروں شرکاء کی جانب سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انڈیا کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی سخت مذمت کی گئی۔علماء کرام نے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں بھی پاس کیں۔آج 27اکتوبر کو بھی مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید،ابوالہاشم ربانی،عقیل چوہدری ایڈدوکیٹ،میاں عامر عباس، حافظ عابد،میاں غلام مصطفی ،حافظ عثمان شفیق،حبیب الرحمان چیمہ و دیگر نے خطاب کیا۔چوبرجی میں مظاہرہ کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر برہان تیرے لہو سے دیپ آزادی کے چلیں گے،کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ،عبدالمنان وانی اور معراج الدین بنگرو شہید کا لہو تحریک آزادی کے لئے روشن باب،و دیگر تحریریں درج تھیں۔شرکاء کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پاکستان کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں اور پاکستانی پرچم میں دفن ہو رہے ہیں اگر ان حالات میں پاکستان خاموش رہا تو یہ مجرمانہ غفلت ہو گی۔ ملک کے کونے کونے میں اسلامیان پاکستان کو بیدار کیا جائے۔کشمیریوں کے ساتھ حکومت اور عوام کو کھڑا ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے وطن عزیز پاکستان میں ایک تحریک برپا کرنے کی ضرورت ہے۔جماعۃ الدعوۃ لاہور کے مسؤل ابوالہاشم ربانی، عقیل چوہدری ایڈووکیٹ، میاں عامر عباس،حافظ عابد، میاں غلام مصطفیٰ،حافظ عثمان شفیق،حبیب الرحمان چیمہ ودیگرنے کہا کہ 27اکتوبر کو انڈیا نے فوج داخل کر کے کشمیر پر قبضہ کیا۔آج پورے کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی آواز گونجے گی۔کشمیری پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں ہم ان کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار رکرتے ہیں۔اسلام آباد میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام جامع مسجد قبا آئی ایٹ مرکز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس سے پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،شفیق الرحمان اوریاسر بٹ نے خطاب کیااور کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔وہاں کیمیائی ہتھیار استعمال ہو رہے ہیں۔کشمیریوں کا صرف ایک نعرہ ہے کہ ہم آزادی چاہتے ہیں ۔جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے زیر اہتمام ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مظاہرہ سے شیخ فیاض احمد و دیگر نے خطاب کیا۔ جماعۃ الدعوۃ سیالکوٹ کے زیر اہتمام حاجی پورہ روڈ پر یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت محمد احسان اللہ نے کی۔گوجرانوالہ میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام مرکز اقصی گوجرانوالہ میں احتجاجی پروگرام ہواجس سے جماعۃ الدعوۃ گو جرانوالہ کے مسؤل مزمل اقبال ہاشمی،الشیخ عبداللطیف و دیگر نے خطاب کیا۔کراچی میں جماعۃالدعوۃ کی طرف سے یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مفتی یوسف کشمیری، راشد علی، شاہد محمود، حافظ محمد امجد و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بھارتی ترنگا بھی نذر آتش کیا گیا۔جماعۃالدعوۃ کی طرف سے ملتان میں مرکز سعد بن ابی وقاص سے چوک کچہری تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ریلی کی قیادت ابو معاذ عمران، میاں سہیل احمد و دیگر نے کی۔ جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام قصور،جہلم، ساہیوال، بہاولپور،وہاڑی، چکوال، ڈی جی خاں، ڈیرہ اسماعیل خان و دیگر شہروں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔

مزید : صفحہ آخر