چین اسرائیل کے مابین جدید کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

چین اسرائیل کے مابین جدید کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ (آئی این پی ) چین اور اسرائیل کے درمیان جدید کاری کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ، دونوں ممالک جدید کاری کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے نائب صدر وانگ چھی شان نے اسرائیل کا چار روزہ کامیاب دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور صدر کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ ان ملاقاتوں میں اتفاق کیا گیا کہ چین اور اسرائیل جدید کاری کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔چینی نائب صدر نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل چین کے مشترکہ دوست ہیں اور وہ خواہش رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک اچھے دوستوں کی طرح پرامن طریقے سے رہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان امن خطے کے استحکام کے لئے بہت ضروری ہے۔ یاد رہے کہ سن 2017میں نیتن یاہو کے دورہ چین کے دوران جے سی آئی سی یعنی "چائنہ اسرائیل جوائنٹ کمیٹی برائے انوویشن کواپریشن" کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ اس مشترکہ کمیٹی کے قیام کا مقصد چین اور اسرائیل کے درمیان سائنسی اور تحقیقی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وانگ چھی شان نے اسرائیل میں اپنے قیام کے دوران اس کمیٹی کے چوتھے سالانہ اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ چین اور اسرائیل نئی ایجادات اور ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

مزید : علاقائی