چیف سیکرٹری سے 10سالوں میں آگ لگنے کے واقعات کی تفصیلات طلب

چیف سیکرٹری سے 10سالوں میں آگ لگنے کے واقعات کی تفصیلات طلب

لاہور(نامہ نگار)سرکاری عمارتوں میں آگ لگنے اورریکارڈ جلنے کی تحقیقات کرنے والے ون مین ٹربیونل کے جج محمد اختر بھنگو نے چیف سیکرٹری پنجاب سے 10سالوں میں آگ لگنے کے واقعات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ٹربیونل نے چیف سیکرٹری کو تمام اضلاع میں فوری طور پر فوکل پرسن تعینات کرنے کا حکم بھی جاری کردیاہے۔اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ بھی بھجوادیا گیاہے۔مراسلے میں چیف سیکرٹری سے پوچھا گیا ہے کہ جن عمارتوں میں آگ لگی وہاں تعینات عملہ اب کہاں تعینات ہے؟۔10سالوں کے دوران کتنے لوگ زخمی اور ہلاک ہوئے؟ کتنے لوگوں کو مراعات دی گئیں، عمارتوں کو کتنا نقصان ہوا اورکتنی انکوائریاں ہوئیں،کتنے افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا گیاہے۔ ٹربیونل چیف سیکرٹری کی طرف سے معلومات ملنے پر گواہوں کو سمن جاری کریں گا، واضح رہے کہ ٹربیونل نے عوام الناس سے بھی کہا ہے کہ جو کوئی شخص بھی10سالوں کے دوران لگنے والی آگ کے بارے میں معلومات رکھتا ہواور بیان قلمبند کرانا چاہتا ہو تووہ ٹربیونل سے رابطہ کرسکتا ہے۔

مزید : علاقائی