تیزاب گردی کا کیس،2ملزموں کا 3روزہ جسمانی ریمانڈ

تیزاب گردی کا کیس،2ملزموں کا 3روزہ جسمانی ریمانڈ

لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عبدالقیوم خان نے گرین ٹاؤن میں 18سالہ لڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے 4ملزموں کے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں گرین ٹاؤن پولیس نے کیس میں لڑکی کے دیور محمد خان اور ساتھی بلال کو عدالت میں پیش کرکے ان کا 3روز ہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔عدالت نے اس کیس میں دو گرفتار ملزمان نائلہ کے شوہر رشید اور اس کے ساتھی غلام مصطفی کی حاضری مکمل کی۔

عدالت نے گرین ٹاؤن پولیس کے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ ملزمان کا چالان جلد سے جلد عدالت میں پیش کیا جائے ،ملزم رشید پر الزام ہے کہ اس نے نائلہ کے طلاق مانگنے پر اس کے چہرے پر تیزاب پھینک کر اس کی آنکھیں اور چہرہ زخمی کردیا تھا،اس کا کہنا تھا کہ نائلہ اگر اس کی نہیں تو پھر کسی کی بھی نہیں ہو سکتی، اس مقصد کے لیے رشید اور محمد خان نے دو ملزمان بلال اور غلام مصطفی کو استعمال کیا۔

مزید : علاقائی