عوامی حمایت سے پنجاب کوکرائم فری صوبہ بناؤں گا ، آئی جی پنجاب

عوامی حمایت سے پنجاب کوکرائم فری صوبہ بناؤں گا ، آئی جی پنجاب

لاہور (کر ائم رپو رٹر) پنجاب پولیس کو صحیح معنوں میں عوام دوست بنانے کے لیے کمیونٹی اور I.T basedپولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا تا کہ عوام کے قیمتی وقت اور پیسے کو بچاکر عوامی حمایت کے ساتھ جرائم کا خاتمہ کر کے پنجاب کو کرائم فری صوبہ بنایا جا سکے اورعوام کا فورس پرنہ صرف اعتما د بحال کیا جائے گا بلکہ پولیس کو صحیح معنوں میں عوام کا محافظ بناکر انصاف کے حصول کوممکن بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ محکمے سے سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جبکہ تمام عہدوں پر دیانتدار اور پروفیشنل افسروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب، امجد جاوید سلیمی نے اپنا پہلا پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو عوامی حمایت کے ساتھ آگے بڑھانا ہو گا تا کہ عوام کے مسائل نچلی سطح پر معززین علاقہ کے تعاون کے ساتھ تھانے کی حدود کے اندر ہی حل کیے جا سکیں اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ فورس کے اندر انتظامی اور آپریشنل معاملات کا از سرنو جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو پنجاب بھر تمام افسروں اور اہلکاروں کے تعیناتی کے دورانیے کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ افسروں اور اہلکاروں کو درپیش مسائل ، تفتیشی اور آپریشنل نظام میں بہتری ،پولیس کے بروقت رسپانس اور اس سلسلے میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی جن کی روشنی میں ایک واضح لائحہ عمل اختیار کر کے محکمہ کو مستحکم کیا جائے گا۔

مزید : علاقائی