لاہور میں 5مسافر خانے تعمیر کرنے کی منظوری عوام یقین رکھیں مشکلات وقتی ہیں ، عثمان بزدار

لاہور میں 5مسافر خانے تعمیر کرنے کی منظوری عوام یقین رکھیں مشکلات وقتی ہیں ، ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق غریب افراد کی سہولت کیلئے مسافر خانوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت صرف60دن میں لاہور میں 5 مسافر خانے تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان خان بزدار نے منصوبے کی باقاعدہ منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ مسافر خانوں کی تعمیر کا بنیادی مقصد لاہور آنے والے غریب افراد کو رہائش فراہم کرنا ہے تاکہ غریب آدمی شدید سردی کے موسم میں کھلے آسمان تلے فٹ پاتھ پر نہ سونا پڑے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار نے تجاوزات کے خلاف پالیسی کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ مذکورہ افسر نے پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غریب افراد کے خلاف کارروائی کرکے ان کے گھر گرا دیئے تھے۔ حکومت پنجاب کی پالیسی اس ضمن میں واضح ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی بھی غریب اور عام آدمی کا گھر، ریڑھیاں اور ٹھیلے وغیرہ نہیں ہٹائے جائیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ طارق بسرا نے ان احکامات کی خلاف ورزی کی جس پر اسے فوری طور معطل کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے اعلی نے نیا پاکستان بنانے کی جدوجہدکیلئے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا اورمستقبل میں ملکرپاکستان کی تعمیر وترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں اورہم اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے کارڈیالوجی سینٹراورچلڈرن ہسپتال کے قیام کا تحفہ دیا ہے اوراس ضمن میں ہم ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بلوچستان میں کارڈیالوجی سینٹر اورچلڈرن ہسپتال بنانے کیلئے تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے ۔صوبوں میں ہم آہنگی اوریکجہتی کو فروغ دینے کیلئے مثبت کردارجاری رکھیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان آج سہ پہر کوئٹہ روانہ ہوئے ۔پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو اےئر پورٹ پر رخصت کیا ۔ سردار عثمان بزدار نے کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیا ہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی سرکار گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی اور بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیرمیں بھارتی حکومت کی ظلم و تشدد کی پالیسی کو ناکام ہو چکی ہے۔ غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھناانسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے لہذاعالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا یہ کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیئے۔

عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے کیونکہ ماضی میں اربوں روپے نمائشی منصوبوں پر لگا کر معیشت سے گھناؤنا مذاق کیا گیا اور پاکستان کی خراب معاشی صورتحال کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لوگوں نے اس موقع پروزیر اعلیٰ کو مختلف محکموں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو آتے ہی بدحال معیشت کو درست کرنے کا چیلنج درپیش ہے اور ہماری حکومت کے ٹھوس اقدامات سے معیشت درست سمت پر رواں دواں ہو گی۔عوام یقین رکھیں مشکلات وقتی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پوری ٹیم پاکستان کو معاشی بحران سے نکالے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری توجہ ماضی میں نظرانداز کئے جانے والے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے۔دور دراز کے علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے مساوی سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اورعوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔نئے نظام سے لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوں گے اورلوگوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے طویل سفر طے کرکے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ایک گیم چینجر ہے۔اس پروگرام سے کئی صنعتیں فروغ پائیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول