پی ٹی آئی کی3خواتین ارکان قومی اسمبلی کی نااہلی کیلئے دائردرخواست سماعت کیلئے منظور

پی ٹی آئی کی3خواتین ارکان قومی اسمبلی کی نااہلی کیلئے دائردرخواست سماعت ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوہری شہریت اور غلط معلومات دینے پر پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے دوہری شہریت اور غلط معلومات کی فراہمی پر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی 3 ارکان قومی اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شاہ زیب کے خلاف نااہلی کی درخواست کی سماعت کی۔عبد اللہ خان نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں ان کے وکیل احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھی جب کہ تاشفین صفدر نے بھی دوہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں، اس کے علاوہ کنول شاہ زیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ووٹ تبدیلی سے متعلق غلط بیانی کی، اس لئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیاجائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممبران کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

نااہلی کی درخواست

مزید : صفحہ اول