ترکی کا سعودی عرب سے جمال خشوگی کے قاتل کانام بتانے کا مطالبہ
انقرہ (آن لائن) ترک صدر نے ایک بار پھر سعودی عرب سے صحافی جمال خشوگی کے قاتل کا نام بتانے کا مطالبہ کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رجب طیب اردوان نے اپنی جماعت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ مقتول صحافی کی لاش ٹھکانے لگانے والے مقامی شخص کی شناخت بتائی جائے اور لاش ترکی حکام کے حوالے کی جائے۔ترک صدر نے کہا کہ صحافی کے قتل کو حادثہ قرار دینے کا سعودی بیان بچکانہ تھا جو کسی بڑی سلطنت کا سنجیدہ موقف نہیں ہوسکتا اور اگر سعودی عرب 18 گرفتار افراد سے سچ نہیں اگلواسکتا تو انہیں ترکی کے حوالے کردے۔ ہم خود ان سے قاتل اور لاش کی نشاندہی کروالیں گے۔ قاتل سمیت قتل کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی استنبول میں ہی کی جائے گی اور ترکی کے قوانین کے تحت ہی سزائیں بھی دی جائیں گی۔
ترکی/ مطالبہ