احتساب عدالت کا نواز شریف کے وکلاء کو فواد چودھری کیخلاف درخواست دائر کرنے کا حکم

احتساب عدالت کا نواز شریف کے وکلاء کو فواد چودھری کیخلاف درخواست دائر کرنے ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کے قائد ،سابق وزیر اعظم نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ واجد ضیا نے عدالت کو بتایا کہ سورس دستاویزات میں دو ٹریڈنگ لائسنس شامل ہیں، تیسرے کو جے آئی ٹی رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا گیا، گلف سٹیل کے معاہدے میں طارق شفیع اور محمد حسین شراکت دار تھے، محمد حسین کا انتقال معاہدے پر عمل درآمد سے پہلے ہی ہو گیا، محمد عبداللہ آہلی کو شامل تفتیش نہیں کیا نہ ہی 14اپریل 1980 کے معاہدے کی تصدیق کیلئے عبداللہ قائد آہلی سے رابطہ کیا،خواجہ حارث نے عدالت سے وزیر اطلاعات کے ریفرنس سے متعلق بیان پر نوٹس لینے کی استدعا کر تے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کے سوموٹو سے معاملات ٹھیک رہتے، ایک دو نوٹس آپ بھی لیں تو بہتر ہوگا،جج نے درخواست دائر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ معاملے کو دیکھ لیتا ہوں، فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرنا پڑا تو کریں گے۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی، نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے ،سماعت کے آغاز پر نواز شریف کے معاون وکیل نے عدالت سے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی تقریر پر از خود نوٹس لینے کی استدعا کردی کہا کہ ایک منسٹر بیٹھا ہے جو آپ سے متعلق اور نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق بیان دے رہا ہے، فواد چوہدری کے پاس کون سی چڑیا ہے یا خواب آتا ہے،اس خبر پر ایکشن نہ لینا چاہیے ،خواجہ حارث نے بھی کہا کہ کل فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف دو ریفرنسز میں سو فیصد جیل جائیں گے،زبیر خالد بولے کہ فواد چوہدری نے عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی،ان کو الہام ہو گیا ہے یا چڑیا آ کر بتاتی ہے، چیف جسٹس نوٹس لیتے ہیں اس لیے کوئی بولنے کی جرات نہیں کرتا، آپ بھی ایک دو نوٹس لیں ،پراسکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تو کیس ہی نواز شریف کو سزا دلوانا ہے، ٹی وی چینلز پر وزراکا بیان انکا زاتی معاملہ ہے، ہم تو کہتے ہیں کہ اس کیس میں بھی سزا ہوگی ،جج ارشد ملک نے اس معاملے میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میں اس معاملے کو دیکھ لیتا ہوں،بولے کہ فواد چوہدری کے بیان کا جائزہ لینے کے بعد نوٹس جاری کرنا پڑا تو کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف دوبارہ جیل جائیں گے اور 100 فیصد جائیں گے۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہل میٹل کیس کے حقائق سب کے سامنے ہیں، نواز شریف دبئی میں ایف زیڈ ای کپیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)ہیں۔واجد ضیا پر جرح جاری تھی کہ عدالت نے کیس کی سماعت (آج) ہفتہ تک ملتوی کردی۔

مزید : صفحہ اول