پی ٹی وی میں جعلی ڈگری پر بھرتی ہونیوالوں کی دستاویزات غائب

پی ٹی وی میں جعلی ڈگری پر بھرتی ہونیوالوں کی دستاویزات غائب

لاہور(حسن عباس زیدی)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے پی ٹی وی کارپوریشن کے ملازمین کی ڈگریوں کو چیک کرنے کے اعلان کے بعد سے اب تک معاملہ میں کسی قسم کی کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کو بچانے کیلئے ساتھی کارکنان میدان عمل میں آگئے ہیں۔با وثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جعلی ڈگری پر بھرتی ہونیوالے بہت سارے ملازمین کی دستاویزات ہی غائب کردی گئیں ہیں اس کے علاوہ خلاف ضابطہ بھرتیوں کے حوالے سے بھی کارروائی ممکن نظر نہیں آرہی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 2011ء میں بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا تھا لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہوسکا تھا۔پی ٹی وی کے ایک کارکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی صورت میں بتایا کہ اس وقت 1000ہزار سے زائد جعلی ڈگریوں کے حامل افرادکئی سال سے ملک کے مختلف سٹیشنز پر کام کررہے ہیں لیکن آج تک ان کا کوئی بھی کچھ نہیں بگاڑ سکاکیونکہ یہ ایک مافیا ہے جس کو شکست دینا آسان نہیں ہے۔یہ کیس ایف آئی اے کے علم میں بھی بہت سالوں سے ہے لیکن ابھی تک جعلی ڈگری کا حامل ایک بھی ملازم قانون کی زد میں نہیں آیا۔جعلی ڈگریوں والے بہت سارے لوگ تو وہ بھی ہیں جو اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوچکے ہیں اور بہت سارے آئندہ چند مہینوں میں ریٹائر ہونے والے ہیں جب تک یہ اونٹ کسی کروٹ بیٹھے گا تواس وقت ملکی خزانے کو کروڑوں روپے کا مزید نقصان پہنچ چکا ہوگا۔

پی ٹی وی

مزید : صفحہ اول