یونیورسٹیوں کو اپ گریڈ کرنیکی حکمت عملی تیار ، وعدے پورے کریں گے :چودھری محمد سرور

یونیورسٹیوں کو اپ گریڈ کرنیکی حکمت عملی تیار ، وعدے پورے کریں گے :چودھری محمد ...

بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔انہیں اعلیٰ تعلیم اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان قابل اور محنتی ہیں جو اس ملک وقوم کو عظیم ترین بنائیں گے۔ وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے کانووکیشن میں تقسیم عطائے میڈلزکے بعد طلباء وطالبات سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اعلیٰ اعزازات اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین واساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سطح تک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ خوش قسمت ہیں کہ وہ تعلیم کے اس اعلیٰ درجہ تک پہنچے۔اب ان طلباء وطالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک وقوم کی خدمت میں تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔انہوں نے طلباء وطالبات کو نصیحت کی کہ اپنے والدین و اساتذہ کی قدر کریں اور ان کی عزت وتکریم کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے بہرہ ور کرکے ترقی یافتہ اقوام کے مقابلے کے لئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی نے تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور تاریخی شہر ہے جوہمیشہ سے علم وادب کا گہوارارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کی یونیورسٹیوں کو تین اہداف تفویض کئے گئے ہیں کہ سولر انرجی کے استعمال اور پیداوار کو یونیورسٹی میں رائج کیا جائے۔ ہر طالب علم کو یونیورسٹی میں صاف پینے کا پانی فراہم ہو اور جامعات پانی کی بچت اور درست استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے گرین پاکستان پروگرام میں طلبا بڑھ چڑھ کر شریک ہوں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس سلسلہ میں 50ہزار پودوں کی شجرکاری کر رہی ہے۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے جامعہ کی تعمیر وترقی کے حوالہ سے آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار برس میں 1لاکھ 5ہزار 204طلباء وطالبات کو ڈگریاں جاری کی گئیں جبکہ یونیورسٹی کی ابتداء سے 38سال تک 1لاکھ 12ہزار904طلباء وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں کل 515گریجوایٹس کو ڈگریاں عطا کی گئیں جن میں سے13طلبہ کوپی ایچ ڈی، 20 طلبہ کوایم فل، 47 طلبہ گولڈ میڈلز، 44 طلبہ کو سلور میڈلز اور 391 طلہ کو بی ایس، بی ایس سی اور ایم اے ، ایم ایس سی کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔دریں اثناء تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیساتھ بہاولپورصوبہ کی بحالی کاوعدہ نبھائے گی حکومت ملکی معیشت کے استحکام کیلئے صنعتوں کو50 فیصد رعایت پرگیس کی فراہمی اورولیج کونسلز کوبااختیار بنانے کے منصوبوں پرکام کررہی ہے ان خیالات کااظہار چوہدری محمدسرور نے سرکٹ ہاؤس بہاولپورمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ گورنرنے کہاکہ ملک سے غربت اوربے روزگاری کے خاتمے، قانون کی حکمرانی اورانصاف کی بالادستی کے علاوہ ملکی معیشت کومستحکم بنیادوں پراستوار کرنے میں پرعزم ہے برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو50 فیصدرعایت پرگیس کی فراہمی کیلئے43 ارب روپے کی سسبڈی دی جائیگی۔ جبکہ زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہونیوالی بجلی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے چوہدری محمدسرور نے کہاکہ حکومت نے اپنے100 دن کے پروگرام میں کیے گئے وعدہ کے مطابق جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کی خاطر اقدامات شروع کردیئے ہیں اوراس کیلئے ورکنگ گروپ بناکر کام کاآغاز کردیاگیاہے بہاولپورصوبہ کی بحالی کابھی وعدہ پوراکیاجائیگاانہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام میں ولیج کونسل کوطاقتور بنانے کیلئے مجموعی بجٹ کا30 فیصد رکھاجائیگا انہوں نے کہاکہ تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیاگیاہے 22 ملین لوگوں کے بچوں کوسکولوں میں داخل کراناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ11 لاکھ افراد صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے بیماریوں کاشکار ہیں پورے پنجاب میں یونیورسٹیوں کواپ گریڈ کیاجارہاہے عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے بھرپوراقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ اشرافیہ اوربڑے بڑے مگرمچھوں نے اربوں روپے کی سرکاری اراضی پرپنجے گاڑرکھے ہیں جسے واگزار کرانے کیلئے بلاامتیاز آپریشن کاسلسلہ جاری ہے لیکن غریب لوگوں کی کچی آبادیوں کوکسی طورپرنہیں چھیڑاجائیگاانہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے20 سال تک غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑی وہ غریبوں کے مکان کس طرح مسمار ہونے دے گی۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی میں اساتذہ اوردیگر عملہ کی کمی پوری کرنے کابھی وعدہ کیاہے۔

گورنر،میڈلز

مزید : کراچی صفحہ اول