وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو انکے حقوق کی فراہمی میں مخلص ہے : تیمور جھگڑا

وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو انکے حقوق کی فراہمی میں مخلص ہے ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کو بجلی کے خالص منافع اور بقایاجات کی مد میں65 ارب روپے کی ادائیگی کی یقین دہانی کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرسے صوبائی وزیر خزانہ کی جمعرات کے روزاسلام آبادمیں ہونے والی خصوصی ملاقات میں یہ یقین دہانی کی گئی ہے۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وزیر اعظم کی جانب سے پن بجلی کے خالص منافع اور بقایاجات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو ان کے حقوق کی فراہمی میں مخلص ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ وفاقی حکومتوں نے چھوٹے صوبوں کو ان کے حقوق کی فراہمی سے ہمیشہ پہلو تہی کی جس سے نہ صرف یہ صوبے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں بلکہ وہاں کے عوام کے احساس محرومی میں بھی اضافہ ہوا۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت اور سابقہ حکومتوں میں بڑا فرق شفافیت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور صوبوں کوان کے حقوق کی فراہمی کے حوالے سے اس کا موقف انتہائی واضح ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق سے بجلی کے خالص منافع اوربقایاجات کی وصولی سے خیبر پختونخوا میں عوام کی فلاح وبہبود اور معاشی ترقی میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ موجودہ بجٹ میں دیئے جانے والے مالی اہداف کا حصول بھی ممکن ہوسکے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول