ملک کی بقاء اور سالمیت میں اقلیتی برادری کا بھی بہت اہم کردار ہے : ضیاء اللہ بنگش
پشاور( سٹاف رپورٹر)مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ ملک کی بقاء اور سا لمیت میں اقلیتی برادری کا بھی بہت اہم کردار ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دے کر ملک اورقوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ وہ کوہاٹ میں ہندو کمیونٹی کے زیراہتمام سالانہ تہوار کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی وزیرزادہ اور روی کمار بھی موجود تھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے تہوار کے موقع پر پیش کئے گئے مختلف خاکوں ، ٹیبلوز ، ہندو کلچر کے فن پاروں اور موسیقی پر انہیں داد دی۔ اس موقع پر ضیاء اللہ بنگش نے ہندوکمیونٹی کے مسائل بھی سنے جبکہ ان کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کی موقع پر منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی حکومت اقلیتی برادری کے تمام مسائل کے حل کیلئے کوششیں کررہی ہے اور اس ضمن میں موجودہ حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے جبکہ اقلیتی برادری کو اپنے اپنے مذہبی تہوار منانے کی بھرپور اجازت ہے۔ #