ہسپتالوں میں مقررہ معیار کے مطابق فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت

ہسپتالوں میں مقررہ معیار کے مطابق فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ ہر ہسپتال کو اس کے مقررہ معیار کے مطابق بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں اور کسی بھی قسم کی کمی کو مروجہ طریقہ کار کے مطابق جلد از جلد حکومت کے نوٹس میں لائیں تاکہ اس کو پورا کرنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں اور عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں آسانی لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ داروں کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہیلتھ مینول میں درج ذمہ داریوں کے مطابق عمل کرنا ہوگا بہ صورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی میں حکومت کوئی لم لیٹ نہیں کرے گی انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبہ بھر کے تمام ایم ایس کے علاوہ ڈی جی ہیلتھ اور مانیٹرنگ یونٹ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو دئیے گئے ٹاسکس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بعض رپورٹس کو ادھورا پا کر انہیں تین دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی وزیر نے بعض ہسپتالوں میں درپیش مسائل کو حل کرنے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دورکرنے کی تلقین کی اور سیکرٹری صحت اور ڈی جی صحت کو تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ بھر پور تعاون کی لئے بھی کہا گیا۔صوبائی وزیر نے مختلف ہسپتالوں میں پائی جانے والی کمیوں کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر ایس این ای تیار کرنے اور حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے کونے کونے میں عوام کو بنیادی سہولیات پہنچانے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کے تمام اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں جنگی بنیاد وں پر ادا کرنی ہوں گی۔ ڈاکٹر ہشام نے مانیٹرنگ یونٹ کے عملے پر بھی زور دیا کہ وہ تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں سمیت صحت کے تمام اداروں کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی حکومت کے نوٹس میں لائیں انہوں نے تمام ایم ایس کو اپنے ماتحت عملے پر نگرانی سخت کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول