اے سی چکوال کا ڈھوک فیروز،تین مرلہ سکیم،ملحقہ آبادی کا اچانک دورہ

اے سی چکوال کا ڈھوک فیروز،تین مرلہ سکیم،ملحقہ آبادی کا اچانک دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکوال ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر غلام صغیرشاہد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر چکوال محسن اقبال نے جمعرات کے روز ڈھوک فیروز، تین مرلہ سکیم اور ملحقہ آبادی کا اچانک دورہ کیا، تین مرلہ سکیم میں مقیم سرکاری اراضی پر تعمیرات کرنے والے افراد کو پندرہ دن کے نوٹس جاری ، جبکہ ڈھوک فیروز میں سرکاری اراضی پر رہائشی افراد کے مکانات کی مارکنگ کرنے کا حکم بھی صادر کیا ہے جبکہ مقامی سیاسی پنڈتوں نے ’’سیاسی ‘‘ افراد کے ٹیلی فون کا سہارا لے لیا،آج تمام افراد ڈپٹی کمشنر کے پاس جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر چکوال محسن اقبال نے کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی کوڑیوں کے بھاؤ اشٹام پیپر پر لینڈ مافیا کی طرف سے فروخت کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہا ر کیااور انہوں نے سرکاری اراضی پر تعمیر ہونے والے گھروں کے رہائشی افراد سے بھی معلومات حاصل کی۔ اشٹام پیپر پر سرکاری اراضی خرید نے والے افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ انہوں نے یہ اراضی اشٹام پیپر پر لاکھوں روپے ادا کر کے خریدی ہیں اور اب ان پر لاکھوں روپے لگا کر سر چھپانے کے لیے چھتیں بھی ڈال دی ہیں ، لہذا ہمارے ساتھ مہربانی کی جائے اور سرکار کی اراضی فروخت کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔تاہم موقع پر چند نچلے درجے کے سیاسی پہنچ گئے جنہوں نے اسسٹنٹ کمشنر چکوال کی ٹیلی فون پر کسی سے بات کرائی جس کے بعد طے پایا گیا کہ آج تجاوزات آپریشن کے تناظر میں متاثر ہونے والے افراد اورمقامی سیاسی افراد ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد سے ملاقات کریں گے، دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال نے تین مرلہ سکیم کا بھی دورہ کیا اور یہاں پر سرکاری اراضی پررہائشی افراد کو پندرہ دن کے نوٹسز دیے گئے جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ وہ پندرہ دن کے اندر اندر سرکاری اراضی سے قبضہ چھوڑ دیں ،بصورت دیگر تجاوزات آپریشن کیا جائے گا۔دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال جب ڈھوک فیروز اور تین مرلہ سکیم پہنچے تو ان کی اطلاع سرکاری اراضی سستے داموں اشٹام پیپر پر فروخت کرنے والے نوسربازوں میں کھلبلی مچ گئی اور انہوں نے محکمہ مال کی کالی بھیڑوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ معلوم ہو ا ہے کہ جب سرکاری اراضی سستے داموں اشٹام پیپر پر فروخت کی گئی ہے تواس وقت اس بہتی گنگا میں محکمہ مال کے حرام خور اور کرپٹ اہلکاروں نے بھی اشنان کیاہے اور اس مافیا کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے ساتھ کچھ ہوا تو ہم اس وقت کے ان معمولی محکمہ مال کے اہلکاروں کے بارے میں بھی بتائیں گے جو آج بڑے عہدوں پر فائز ہیں۔تاہم اسسٹنٹ کمشنر چکوال کی طرف سے ڈھوک فیروز اور تین مرلہ سکیم کے لینڈ مافیا کے خلاف پہلی حرکت کے بعد ہی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔